:پنجاب میں گرمی اور ہیٹ ویو کی صورتحال13 جون تک برقرار رہے گی،عوام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ترجمان پی ڈی ایم اے ک

لاہور ( سٹاف رپورٹر ):پنجاب میں گرمی اور ہیٹ ویو کی صورتحال13 جون تک برقرار رہے گی،عوام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ان دنوں میں درجہ حرارت معمول سے7 ڈگری تک زیادہ رہے گا۔لاہور سمیت فیصل آباد، گجرانوالہ ،ملتان ،بہاولپور ،سرگودھا ،ڈیرہ غازی خان اور ساہیوال میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو کی صورتحال رہے گی،اس دوران جنوبی پنجاب کے اضلاع بہاولپور ،رحیم یار خان ،ڈیرہ غازی خان اور ملتان میں ہیٹ ویو کی لہر شدید ہو سکتی ہے۔ترجمان کے مطابق گزشتہ روز ڈیرہ غازی خان اور نور پور تھل میں سب سے زیادہ درجہ حرارت49 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ بھکر ،بہاولنگر ،کوٹ ادو ،منڈی بہاوالدین اور سرگودھا میں 47 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔

اسی طرح لاہور، فیصل آباد، گجرات، خان پور، ملتان، اوکاڑہ، رحیم یار خان، سیالکوٹ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں تقریبا45 ڈگری تک درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ترجمان کے مطابق ریلیف کمشنر نبیل جاوید نے وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔نبیل جاوید نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مقامات، لاری اڈوں اور منڈیوں میں ٹھنڈے پانی کی فراہمی کو یقینی بنائے ۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ چولستان کے اضلاع میں صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور تمام ہسپتالوں میں ہیٹ ویو کاونٹرز قائم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے پنجاب ہیٹ سٹروک سے بچائو کےلئے متعلقہ ادویات کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے اور میڈیا کے ذریعے شہریوں کو ہیٹ ویو کے خطرات سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں ،بچوں،بزرگوں اور بیمار افراد کا خاص خیال رکھیں ۔گرمی کی لہر کے اثرات معمر افراد، بچوں اور بیماروں پر زیادہ ہو سکتے ہیں ۔سخت دھوپ میں مشقت اور ورزش سے گریز کریں۔غیر ضروری گھر سے باہر نہ نکلیں،ہلکے رنگ کا سوتی لباس پہنیں۔ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں ۔