لاہور سےروس کےلئے 22 جون سے ٹرین سروس بھی شروع کی جائے گی۔حنیف عباسی

ملتان(سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ سے ایم او یو کے بعد ریلویز کے پورے سسٹم کو ڈیجیٹلائز کر دیا جائے گا،متعدد ٹرینوں اور ہسپتالوں کو آؤٹ سورس کرنے سمیت لاہور سےروس کےلئے 22 جون سے ٹرین سروس بھی شروع کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ریلوے نے 31 مئی تک اپنی 77 سالہ تاریخ میں سب سے زیادہ ریونیو حاصل کیا جس میں مزید اضافے کےلئے گڈز ٹریننیں چلائیں گے۔ ریلوے سٹیشنز اور کالونیوں کو ستھرا پنجاب مہم کے تحت صاف کیا جا رہا ہے،ریلوے ٹریکس پر پھلدار درخت اور پودے بھی لگائے جائیں گے ۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ وزیر اعظم کی خواہش ہے کہ ازبکستان اور قازقستان کو ریلوے ٹریک سے ملایا جائے۔انہوں نے کہا کہ تھرکول اور ریکوڈک کی کامیابی کےلئے ہمیں ریلوے کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہو گا اور اسے ترقی دینا ہو گی۔انہوں نے کہا کہ مسافروں کی سہولت کےلئے جلد ہی فری وائی فائی سروس شروع کرنے جا رہے ہیں۔ریلوے میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ذریعے فوڈ کوالٹی کو بہتر اور مسافروں کےلئے سہولتوں میں اضافہ کر کے ان کا اعتماد بحال کیا جائے گا تاکہ ریلوے آمدنی میں اضافہ کیا جا سکے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ ریلویز کے 14 سکولوں میں 5200 بچے زیر تعلیم ہیں،آوٹ سورس کرنے سے ریلوے سکولوں کا بھی معیار تعلیم مزید بہتر ہو گا ۔ریلوے کی ترقی کےلئے بہت سے منصوبے زیرِ غور ہیں۔حالیہ پاک بھارت کشیدگی بارے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کو بہترین کارکردگی پر فیلڈ مارشل بنایا گیا۔پاکستاں دفاعی اعتبار سے ایک مضبوط ملک ہے اور یہ دنیا نے تسلیم کیا۔دشمن نے رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملہ کیا جس کا ہماری فوج نے منہ توڑ جواب دیا اور پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔محمد حنیف عباسی نے کہا کہ پانی ہماری زندگی ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔