راولپنڈی( سٹاف رپورٹر )ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی ہدایت پر انفورسمنٹ سکواڈ نے زوننگ اور تعمیراتی قوانین کی خلاف ورزی پر ہائی کورٹ روڈ راولپنڈی پر قائم ہوننگ فارماسیوٹیکل میڈیکل کمپنی کو سیل کر دیا ہے۔ ترجمان آر ڈی اے کے مطابق مذکورہ کمپنی بغیر منظوری کے کام کر رہی تھی اور زمین کے استعمال کے اصولوں کی خلاف ورزی کی مرتکب ہو رہی تھی۔ یہ کارروائی راولپنڈی میں زوننگ کے قوانین پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے جاری مہم کا حصہ ہے۔
ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے اس موقع پر کہا آر ڈی اے راولپنڈی شہر کی منظم ترقی اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ ہم تمام تجارتی اداروں کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ مناسب منظوریوں کے بغیر کسی بھی قسم کی تعمیر یا تجارتی سرگرمی سے گریز کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدامات وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے کیے جا رہے ہیں، جنہوں نے تجاوزات اور غیر قانونی سرگرمیوں پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کی سخت تاکید کی ہے۔ انہوں نے بلڈنگ کنٹرول ونگ کو غیر قانونی رہائشی اور کمرشل عمارتوں کی منظوری، کمرشلائزیشن، تکمیلی نقشوں، عمارتوں کے منصوبوں اور آرڈی اے کے زیر کنٹرول علاقے میں تمام غیر قانونی رہائشی کم کمرشل عمارتوں کی منظوری کے لیے فیس اور چارجز کے حوالے سے سروے کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
اس کارروائی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول محمد داؤد، بلڈنگ سرویئر عامر محمود ملک، انسپکٹر شفیق الرحمن اور شہزاد محمود سمیت دیگر اہلکار شامل تھے، جنہیں تھانہ صدر بیرونی کے پولیس اہلکاروں کی معاونت حاصل تھی۔ ڈی جی آرڈی اے نے ایل یو اینڈ بی سی ونگ کو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ راولپنڈی میں ہر قسم کی غیر قانونی، غیر مجاز تعمیرات اور تجارتی سرگرمیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھیں۔