پنجاب کی عوام کیلئے مریم نواز کی حکومت خوش نصیبی ہے،عظمی بخاری

لاہور( سٹاف رپورٹر )وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب کی عوام کیلئے مریم نواز کی حکومت خوش نصیبی ہے،وزیر اعلی مریم نواز کے ویژن پر پنجاب میں صحت اور تعلیم سمیت تمام شعبوں میں ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں،عوام کو بنیادی طبی سہولیات کی دہلیز پر فراہمی کیلئے ”کلینک آن ویلز”منصوبے کو وسعت دی گئی،علاج کی سہولت کیلئے امیر غریب کا فرق ختم کیا جا رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز یہاں ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر بھی موجود تھے۔

عظمی بخاری نے کہا کہ پنجاب میں ترقی،اصلاحات اور عوامی فلاح کا نیا سفر شروع ہو چکا ہے، وزیر اعلی مریم نواز نے صوبے کے عوام کو ان کی دہلیز پر صحت کی سہولیات بہم پہنچانے کیلئے 911گاڑیوں پر مشمل ”کلینک آن ویل” کے دوسرے مرحلے کا آغاز کر دیا ہے،یہ گاڑیاں فل ایئر کنڈیشنز ہوں گی ، وزیر اعلی مریم نواز کی زیر قیادت ایک سال میں 92لاکھ سے زائد لوگ ”کلینک آن ویل” سے مستفید ہو ئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کا کوئی ایسا محکمہ نہیں جس کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے اخراجات کئے جا رہے ہیں ۔صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ کھیل و امور نوجوانان پنجاب کا بجٹ 7.6 ارب روپے مختص کیا گیا ہے ،نوجوانوں کے لیے مواقع کی فراہمی اور کھیلوں کے جدید انفراسٹرکچر کی تعمیر کا سفر تیزی سے جاری ہے،وزیراعلی انٹرن شپ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو تربیت و روزگار کے مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں ٹیلنٹ ہنٹ کیلئے ایونٹس کا انعقاد یقینی بنایا جا رہا ہے ،پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اسپورٹس انڈوومنٹ فنڈ قائم کیا گیا ،موجودہ اسپورٹس انفراسٹرکچر کی بحالی و بہتری پر کام تیزی سے جاری ہے،اسپورٹس ملازمین کی تنخواہوں کا مسئلہ حل کرنے کے لیے سیلف سسٹینگ سسٹم لارہے ہیں ،اپنے ثقافتی کھیل کبڈی کو بحال کر رہے ہیں،کھلاڑیوں کو 70,50,30 ہزار کی بنیاد پر فنڈز دیئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس کھیلتا پنجاب میں ایک لاکھ بیس ہزار کھلاڑیوں نے شرکت کی،گزشتہ روز وزیراعلی پنجاب انٹر ڈویژن سمر گیمز کا اختتام ہوا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب اسٹیڈیم نشتر پارک لاہور کی اپ گریڈیشن کی جا رہی ہے، رحیم یار خان،مریدکے نارووال روڈ پر ملٹی پرپز اسپورٹس سہولیات شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب انٹرن شپ پروگرام کے فیز ون کی تکمیل کے بعد فیزٹو کی طرف جا رہے ہیں ،فیز ٹو میں رقم25 ہزارسے بڑھا کر 60 ہزار کی جا رہی ہے ۔پہلے فیز میں چھ ہزار نوجوانوں کو ماہانہ 25 ہزار روپے وظیفہ دیا جا رہا تھا، اگلے فیز میں انٹرنیز کی تعداد 6 ہزار سے بڑھاکر 10 ہزار کرنے جا رہے ہیں۔صوبائی وزیر نے حالیہ بجٹ میں منظور کی جانیوالی اسکیموں بارے میں بتایا کہ نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس لاہور میں ہوٹل،ہاسٹل کی تعمیر کی جائے گی،پنجاب اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن میں نشستوں کی گنجائش 6000 سے بڑھا کر 10000 کر رہے ہیں، انٹرنیشنل باکسنگ ایرینا کی بحالی،لاہور میں بیس بال گراونڈ کی تعمیر کی جائے گی،ویلوڈروم، سوئمنگ پول، انڈور والی بال کمپلیکس کی بحال /تعمیر کی جائے گی۔لاہور، ملتان اور سیالکوٹ میں ٹینس کورٹ کی تعمیر کی جائے گی ۔ملک فیصل ایوب نے کہا کہ نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس میں80 کروڑ کی لاگت سے 102 کمروں کا ہوٹل اور انڈور اسپورٹس ارینا (ٹیبل ٹینس، اسنوکر، بورڈ گیمز، انڈور روئنگ) کی تعمیر کی جائے گی ۔

ایک سوال کے جواب میں عظمی بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ پر سیاست کر رہی ہے جو غیر مناسب بات ہے حالانکہ پی ٹی آئی نے اپنے دور حکومت میں پیش کئے جانے والے تین چار بجٹوں میں دس فیصد سے ایک روپیہ بھی زیادہ ملازمین کی تنخواہ نہیں بڑھائی ،احتجاج سرکاری ملازمین کے ضابطہ اخلاق میں شامل نہیں ہے،جو کر رہے ہیں وہ غلط کر رہے ہیں،البتہ جیسے جیسے ملک کے حالات بہتر ہوں گے تو ملازمین مزید ریلیف فراہم کیا جا ئے گا۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں کون سی دودھ کی نہریں بہہ رہی ہیں ، وہاں پر علی امین گنڈا پور کی حکومت نے دستکاری سکول بند کر دیئے ہیں ، وہاں کی عوام بنیادی سہولیات کو ترس رہی ہے،خیبر پختونواہ میںاشیا خورونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں ، قومی وسائل احتجاج اور جلسے جلوس پر خرچ کئے جا رہے ہیں ،ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھو کھر نے کہا کہ پنجاب حکومت کھیلوں کے ذریعے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں مصروف رکھنا چاہتی ہے،ہمارا ہدف صرف انفراسٹرکچر کی تعمیر نہیں بلکہ اس کے پائیدار اور خود مختار انتظامات ہیں،صوبہ بھر میں کھیلوں کے کلچر کو فروغ دینا چاہتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلی انٹرن شپ پروگرام جیسے اقدامات نوجوانوں کو با اختیار بنانے کی عملی مثال ہیں۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کھیلوں کی ترقی اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کے نکھار کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی،آئندہ مالی سال میں مزید منصوبے شامل کیے جائیں گے،ہر ضلع میں کھیلوں کے یکساں مواقع فراہم کئے جائیں گے ۔