راولپنڈی ( سٹاف رپورٹر )ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی ہدایت پر گلریز ہاؤسنگ سکیم میں درپیش مسائل کے حل کے لیے آرڈی اے کانفرنس روم میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈی جی آرڈی اے نے کی۔ اجلاس میں گلریز ہاؤسنگ سکیم میں پانی کی قلت پر فوری اور مؤثر اقدامات پر زور دیا گیا۔ ڈی جی آرڈی اے نے ایم ڈی واسا کو ہدایت کی کہ اس ہاؤسنگ سکیم میں ٹیوب ویلز نصب کیے جائیں.
تاکہ پائیدار اور مستقل پانی کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔ یہ ہدایات وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی ان ہدایات کی روشنی میں دی گئیں جن میں انہوں نے راولپنڈی میں پانی سے متعلقہ مسائل کے حل میں کسی قسم کی تاخیر نہ کرنے پر زور دیا ہے۔ ڈی جی آرڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے ایم ڈی واسا کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ علاقے میں رین واٹر ہارویسٹنگ (بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے) کے امکانات کا جائزہ لیں تاکہ طویل المدتی حل تلاش کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ، تجاوزات کے خاتمے پر بھی زور دیا گیا۔ ڈی جی آرڈی اے نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات کو ہٹایا جائے اور شہریوں کو ان کی قانونی زمینوں کا حق واپس دلایا جائے، تاکہ زمین کا درست اور منصفانہ استعمال یقینی بنایا جا سکے۔ اجلاس میں ڈی جی آرڈی اے نے آرڈی اے کے پلاننگ ونگ اور لینڈ ڈیپارٹمنٹ کو علاقے کا جامع سروے کرنے کی ہدایت دی۔ اس سروے کا مقصد یہ جانچنا ہے کہ گلریز ہاؤسنگ سکیم میں بنیادی سہولیات جیسے کہ مساجد، سکولز، قبرستان، سڑکیں، اور اسپتال کس حد تک منصوبہ بندی کے تحت دستیاب ہیں۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ شہری انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جائے گا اور تمام ہاؤسنگ سکیمز کو قواعد و ضوابط کے تحت لا کر عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈی جی آرڈی اے منصور احمد خان، ایم ڈی واسا محمد سلیم اشرف، ڈائریکٹر لینڈ غضنفر علی اعوان، ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول محمد سمیع اللہ نیازی، دیگر آرڈی اے اور واسا افسران، اور گلریز ہاؤسنگ سکیم کے 11 نمائندگان نے شرکت کی۔