راولپنڈی اسلام آباد میں موسلا دھار بارش، نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند، رین ایمرجنسی نافذ

راولپنڈی ( سٹاف رپورٹر)جڑواں شہر راولپنڈی اسلام آباد میں گزشتہ رات موسلا دھار بارش ہوئی ، تفصیلات کے مطابق سید پور ویلج 30 ملی میٹر، گولڑہ 39 ملی میٹر ، بوکرا 25 ملی میٹر ، شمس آباد 70 ملی میٹر، کچہری 38 ملی میٹر ، پیرودہائی 54 ملی میٹر جبکہ ایک گھنٹے میں سیکٹر ایچ 8 میں 55 ملی میٹر اور شمس آباد میں 50 ملی میٹر بارش ہوئی جس کی بنیادی وجہ cloud brust تھی نالہ لئی میں پانی کی سطح کٹاریاں کے مقام پر 15 فٹ جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر 15.5 فٹ بلند ہوئی .

واسا راولپنڈی محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کی وجہ سے پہلے ہی ہائی الرٹ تھا بارش ہوتے ہی واسا راولپنڈی نے فوری طور پر رین ایمرجنسی نافذ کر دی اور مینجنگ ڈائریکٹر واسا راولپنڈی محمد سلیم اشرف فوری پر عملے کے ہمراہ فیلڈ میں پہنچ گئے اور تمام تر آپریشن کی ذاتی نگرانی کی شاہراہوں اور نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کے انتظام کیا گیا اس دوران وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین ، سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نور الامین مینگل اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ڈاکٹر حسن وقار چیمہ مسلسل ایم ڈی واسا راولپنڈی سے رابطے میں رہے اور ایم ڈی واسا راولپنڈی ان کے لمحہ بہ لمحہ صورتحال سے آگاہ کرتے رہے واسا راولپنڈی کی طرف سے بروقت ڈریجنگ اور ڈی سلٹنگ کی وجہ سے نالہ لئی میں سیلابی ریلہ بخیر خوبی گزر گیا اس موقع پر وزیر برائے ہاوسنگ و اربن ڈویلپمنٹ پنجاب بلال یاسین نے کہا کہ مون سون بارشوں میں راولپنڈی کے شہریوں کی جان ومال کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔

سیکرٹری ہاوسنگ پنجاب نورالامین مینگل کے مطابق مون سون کی تیاریوں کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائے رہے۔ نالہ لئی اور شہر بھر کے نالوں کی صفائی کیلئے فنڈز حکومت پنجاب فراہم کر رہی ہے ، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے کہا ہے کہ راولپنڈی شہر میں مون سون کے دوران دفعہ 144 کا نفاذ کیا گیا ہے خلاف ورزی پر سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی ایم ڈی واسا راولپنڈی محمد سلیم اشرف کے مطابق راولپنڈی واسا ہائی الرٹ ہے رین ایمرجنسی نافذ کی گئی تمام عملے کی چھٹیاں منسوخ ہیں۔ عملہ و ہیوی مشینری فیلڈ میں موجود ہے.