ملتان (سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی خصوصی ہدایات پر “صاف ستھرا پنجاب” مہم کے تحت ملتان اور خانیوال ریلوے اسٹیشنز پر صفائی کا سلسلہ بھرپور انداز میں جاری ہے۔ ڈی ایس ریلوے ملتان ڈویژن ذوالفقار علی شیخ کی ذاتی نگرانی اور فعال کوششوں سے اسٹیشن کی صفائی کے تمام پہلوؤں پر خاص توجہ دی جا رہی ہے گزشتہ روز بھی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور ریلوے ملازمین کی مشترکہ ٹیموں نے ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارمز، ویٹنگ ایریاز، مسافر بیت الخلا، اور اسٹیشن کی اندرونی و بیرونی حدود کی مکمل صفائی کی۔ ہر مقام کو نہ صرف دھویا گیا بلکہ جراثیم کش ادویات کا استعمال بھی یقینی بنایا گیا تاکہ مسافروں کو ایک صاف، صحت مند اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکےاس مہم کے تحت روزانہ کی بنیاد پر صفائی شیڈول پر سختی سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے، جبکہ عملے کی حاضری، کارکردگی اور ذمہ داریوں کی مسلسل مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے۔ ڈی ایس ریلوے ذوالفقار علی شیخ نے اس حوالے سے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام افسران فیلڈ میں موجود رہ کر صفائی کی نگرانی کریں اور کسی بھی قسم کی کوتاہی پر فوری ایکشن لیا جائے۔
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ:“پاکستان کے تمام ریلوے اسٹیشنز پر صفائی کے اعلیٰ ترین انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ ناقص صفائی، بدانتظامی یا لاپروائی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ مسافروں کو صاف ستھرا اور باوقار ماحول دینا ہماری اولین ترجیح ہے۔”“صاف ستھرا پنجاب مہم کو مرحلہ وار انداز میں پنجاب بھر کے تمام ریلوے اسٹیشنز تک توسیع دی جائے گی، تاکہ ہر مسافر کو بہتر سہولت، وقار اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔”اس مہم کا مقصد صرف وقتی صفائی نہیں بلکہ ایک پائیدار اور مربوط صفائی نظام کی بنیاد رکھنا ہے، تاکہ پاکستان ریلویز کے تمام اسٹیشنز بین الاقوامی معیار پر پورے اتریں۔ وزیر ریلوے نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ صاف ماحول، خوش اخلاق عملہ اور سہولت سے بھرپور سفر ہی پاکستان ریلویز کا تشخص بنے گا.