لاہور (کرائم رپورٹر )لاہور میں حالیہ بارش کے دوران پانی میں پھنسنے کے بعد اعلیٰ حکومتی شخصیات کیخلاف نازیبا زبان استعمال کرنے والے شہری کو پولیس نے گرفتار کر لیا ، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں بزرگ شہری وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، فیلڈ مارشل اور دیگر اداروں کیخلاف غصے میں آکر نامناسب زبان استعمال کرتے دکھائی دیے ، پولیس نے بزرگ شہری کو حراست میں لے کر اس کا ویڈیو بیان ریکارڈ کیا جس میں انہوں نے اپنے کیے پر ندامت کا اظہار کیا اور حکومت سے باقاعدہ معافی مانگی۔
اپنے جاری کردہ ویڈیو بیان میں شہری نے کہا کہ میں اپنے الفاظ پر شرمندہ ہوں، حکومت، وزیراعلیٰ پنجاب اور پاک فوج سے معذرت چاہتا ہوں۔ پاکستان زندہ با د یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی جسے مسلم لیگ ن کی رہنما نے بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کیا ، واضح رہے کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب لاہور کی ایک شاہراہ پر دو فٹ پانی جمع ہونے کے باعث مذکورہ شہری اپنی موٹرسائیکل سمیت پھنس گئے تھے۔ غصے میں انہوں نے ایک راہگیر کو ویڈیو بیان دیا، جو بعد ازاں اپوزیشن حلقوں کی جانب سے حکومت پر تنقید کیلئے استعمال کیا گیا ، واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر شدید ردعمل دیکھنے میں آیا، جہاں کچھ حلقے شہری کی گرفتاری کو آزادیِ اظہار پر قدغن قرار دے رہے ہیں، تو بعض افراد حکومت کے اس اقدام کی حمایت کر رہے ہیں۔