گرین بیلٹس میں ہاؤسنگ سکیموں پر سخت پابندی عائد : ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ

راولپنڈی (سٹا ف رپورٹر ) ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی ہدایت پر آر ڈی اے لینڈ انفارمیشن اینڈ مینجمنٹ سسٹم (لمز) کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کرے گا ، اس شراکت داری کا مقصد راولپنڈی میں زمین کے ڈیٹا کے انضمام، منصوبہ بندی کی مؤثر نگرانی اور پائیدار شہری ترقی کو فروغ دینا ہے۔ ٹیکنالوجی پر مبنی حل کے ذریعے آر ڈی اے سمارٹ گورننس کے جدید اصولوں کو اپنا رہا ہے، تاکہ طویل مدتی شہری استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔

ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے کہا کہ شہر کے ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے اور ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں ان کا کہنا تھا کہ گرین بیلٹ ایریاز میں ہاؤسنگ سکیموں کی اجازت نہیں دی جائے گی انہوں نے مزید کہا کہ اس پالیسی کا مقصد شہر کے قدرتی ماحولیاتی نظام کا تحفظ اور غیر مجاز تعمیرات کی روک تھام ہے لمز کے ساتھ ہونے والے اس مفاہمتی معاہدے سے زمین کے جدید ڈیٹا مینجمنٹ، شفاف منصوبہ بندی اور مؤثر نگرانی کے نظام کو فروغ حاصل ہوگا یہ اقدام نہ صرف آر ڈی اے کے ایک فعال اور جدید شہری منصوبہ بندی کے ویژن کی عکاسی کرتا ہے بلکہ راولپنڈی کے شہریوں کے لیے بہتر معیارِ زندگی اور پائیدار ترقی کی راہیں بھی ہموار کرے گا۔