آر ڈی اے نے مارکیٹنگ کمپنی میسرز فیوچر ڈویلپمنٹ ہولڈنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کے سیکرٹری کو شوکاز نوٹس جاری

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر )ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی ہدایت پر آرڈی اے نے میسرز فیوچر ڈویلپمنٹ ہولڈنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کے سیکرٹری کوشوکاز نوٹس جاری کر دیاہے۔ یہ کارروائی ادارے کے میٹروپولیٹن پلاننگ اینڈ ٹریفک انجینئرنگ ڈائریکٹوریٹ کے ذریعے عمل میں لائی گئی، جو غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم کیپیٹل اسمارٹ سٹی فیز III کی غیر مجاز تشہیر اور سوشل میڈیا پر اشتہارات کے تناظر میں کی گئی۔ مذکورہ سکیم ٹھلیاں انٹرچینج (M-2) تحصیل و ضلع راولپنڈی کے قریب واقع ہے.

آر ڈی اے سے منظوری و این او سی حاصل نہیں کیا گیا ہے۔ اس پر سخت نوٹس لیتے ہوئے، ڈی جی آر ڈی اے نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں سے دور رہیں اور کسی بھی فریب یا جعلسازی کا شکار نہ ہوں۔

انہوں نے کہا عوامی مفاد کے پیشِ نظر مشورہ دیا جاتا ہے کہ ایسی کسی بھی غیر قانونی سکیم میں سرمایہ کاری سے اجتناب کیا جائے۔ متعلقہ اسپانسرز اور ڈویلپرز کو بھی ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ فوری طور پر ایسی سکیموں کی مارکیٹنگ بند کریں اور قانون کے مطابق آر ڈی اے سے منظوری حاصل کریں، بصورتِ دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ علاوہ ازیں، آر ڈی اے نے اس ضمن میں نیب راولپنڈی، ایف آئی اے اسلام آباد، سائبر کرائم ، ایس این جی پی ایل، ڈسٹرکٹ کلکٹر، اور ضلع کونسل راولپنڈی سمیت متعلقہ اداروں کو خطوط ارسال کر دیے ہیں تاکہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں اور ان کی سوشل میڈیا پر تشہیر کے خلاف مشترکہ کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

ڈی جی آر ڈی اے کی ہدایات کی روشنی میں ایم پی اینڈ ٹی ای ڈائریکٹوریٹ کو یہ ہدایت دی گئی ہے کہ وہ راولپنڈی ڈسٹرکٹ میں تمام غیر قانونی و غیر مجاز ہاؤسنگ سکیموں، بکنگ دفاتر، تجارتی سرگرمیوں اور تجاوزات کے خلاف بلا خوف و خطر بھرپور کارروائی جاری رکھیں ۔