پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کا ڈی ایچ اے لاہور فیز 8 میں یو فون فرنچائز پر چھاپہ، سموں کے غیر قانونی اجرا پر ایریا ز سیل منیجر گرفتار

لاہور (سٹاف رپورٹر )پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) زونل آفس لاہور نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے ) کے ساتھ مل کر ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) لاہور فیز 8 میں واقع یو فون فرنچائز پر چھاپہ مار کرسموں کے غیر قانونی اجرا پر فرنچائز مالک اور یوفون کے ایریا ز سیل منیجر کو گرفتار کر لیا ، پی ٹی اے سے جاری بیان کے مطابق یہ فرنچائز سموں کے غیر قانونی اجرا میں ملوث پائی گئی ۔ چھاپے کے دوران فرنچائز مالک کے لیپ ٹاپ سے ایک لاکھ 52 ہزار فنگر پرنٹس (پی ڈی ایف فارمیٹ میں ، بشمول 10 اور 8 فنگر پرنٹ سیٹس) اور غیر قانونی طور پر کھولے گئے یو پیسہ اکاؤنٹس کا ریکارڈ برآمد کیا گیا۔ مزید برآں 6 یو فون بی وی ایس ڈیوائسز، 3 جاز بی وی ایس ڈیوائسز اور 7 فعال یو فون سمز بھی قبضے میں لی گئیں۔

چھاپے کے دوران فرنچائز مالک اور یو فون کے ایریا سیلز منیجر کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔واضح رہے کہ یہ چھاپہ غیر قانونی سموں کے خلاف پی ٹی اے کے عزم اور پاکستان کے ڈیجیٹل نظام کے تحفظ کی واضح مثال ہے۔عوام کو اس ضمن میں آگاہ کیا جاتا ہے کہ وہ اس قسم کی خلاف ورزیوں کی اطلاع پی ٹی اے کے ہیلپ لائن نمبر 080055055 پر دیں یا ویب سائٹ https://complaint.pta.gov.pk/userlogin.aspx پر اپنی شکایات کا اندراج کرائیں