ملتان (سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں “صاف ستھرا پنجاب” مہم کے تحت پاکستان ریلوے ملتان ڈویژن میں ریلوے اسٹیشنز کی صفائی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ اس مہم کے تحت ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے (ڈی ایس) ذوالفقار علی شیخ کی نگرانی میں ریلوے اسٹیشن ملتان اور خانیوال پر خصوصی صفائی مہم کا اہتمام کیا گیا۔
گزشتہ روز ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور پاکستان ریلوے کے عملے نے مشترکہ طور پر ریلوے اسٹیشن ملتان کے پلیٹ فارمز، ویٹنگ ایریاز، واش رومز اور اسٹیشن کی اندرونی و بیرونی حدود کو مکمل طور پر صاف کیا۔ صفائی کے اس عمل میں صفائی کے جدید آلات کا استعمال کیا گیا اور کچرا مکمل طور پر ٹھکانے لگایا گیا۔
اس موقع پر ڈی ایس ریلوے ذوالفقار علی شیخ نے واضح کیا کہ وفاقی وزیر محمد حنیف عباسی کی ہدایات پر پاکستان بھر کے ریلوے اسٹیشنز پر صفائی کے اعلیٰ ترین انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صفائی کے ناقص انتظامات کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے، اور اس حوالے سے زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی گئی ہے۔
ڈی ایس ریلوے نے تمام متعلقہ افسران اور اسٹیشن عملے کو فیلڈ مانیٹرنگ کی ذمہ داریاں سونپ دی ہیں تاکہ صفائی کے عمل کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کیا جا سکے اور کسی بھی کوتاہی کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صاف، محفوظ اور آرام دہ ماحول فراہم کرنا پاکستان ریلوے کی اولین ترجیح ہے تاکہ مسافر خوشگوار اور صحت بخش ماحول میں سفر کر سکیں