نو مئی کرنے اور کرانے والے پاکستان کے اصل دشمن ہیں،وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری

لاہور (سٹاف رپورٹر )وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ شہدا کے مجسمے جلانے والے کسی بھی رحم کے مستحق نہیں،9 مئی کرنے اور کرانے والے پاکستان کے اصل دشمن ہیں۔بدھ کو جاری اپنے بیان میں صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے9 مئی کے واقعات کی سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کر تے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے مقدمات کے فیصلے 2 سال بعد آنا شروع ہوئے ہیں،نو مئی کی ناکام بغاوت جنہوں نے کی اور کرائی اس کی تمام فوٹیجز منظر عام پر آچکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نو مئی کی منصوبہ بندی کس نے کی،کہاں کی اور اس میں کون کون شامل تھا یہ بھی تفصیلات سامنے آچکی ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ شہدا کے مجسمے جلانے والے کسی بھی رحم کے مستحق نہیں ہیں، فوجی تنصیبات پر حملے مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ کئے گئے،اس میں اب کسی کو کوئی شک و شبہ یا ابہام نہیں رہ گیا۔ا نہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کی ڈائریکشن پر تمام ٹرائل کورٹ4 ماہ میں 9 مئی کے مقدمات کے فیصلے سنانے کی پابند ہیں،9مئی کا ماسٹر مائنڈ اور اس کا کوچ احتساب سے بچ نہیں سکتا