راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)محکمہ داخلہ پنجاب نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے اڈیالہ سمیت پنجاب بھر کوجیلوں میں مقید و اسیران سے ملاقات کے لئے” محفوظ جیل “پالیسی کے تحت بہترین سہولیات مہیا کرنا کا فیصلہ کیا ہے ۔ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق وزیر اعلیٰ مریم نواز کے احکامات پر ریفارمز کا سلسلہ جاری ہے اور قیدیوں سے باعزت اور پروقار ملاقات کے سہولت کے لئے ایس او پیز جاری کردئے گئے ہیں جن کے تحت جیل میں آنے والے ملاقاتیوں کے لئے صاف اور منظم پارکنگ ہوگی جہاں وہ اپنی گاڑیاں یا موٹرسائیکلز کھڑی کرسکیں گے اور جن اضلاع میں پارکنگ جیل کے احاطہ سے دور ہے وہاں مفت ٹرانسپورٹ کی سہولت دی جائے گی ۔
ملاقاتیوں کے لئے موسم کے مطابق بیٹھنے کی سہولت ہوگی جہاں مرد ،خواتین اور بزرگوں کے لئے الگ الگ بینچز وکرسیاں میسر ہوگی اور صفائی کا بندوبست بھی یقینی بنایا جائے گا ، واش روم کی سہولت کے ساتھ وہاں ایک سینٹری ورکر مستقل طور پر تعینات ہوگا اور پینے کے ٹھنڈے و صاف پانی کی سہولت بھی ہوگی ۔انتظارگاہ میں ساؤنڈ سسٹم ،ایل ای ڈی ٹی وی کے علاوہ سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہوں گے ،بزرگ مرد و خواتین کو ملاقات میں ترجیح دی جائے گی جبکہ چھوٹے بچوں کو کھانے پینے کی اشیا مفت فراہم کی جائیں گے ،جیل کا عملہ ہر آنے والے ملاقاتی سے خوش اخلاقی سے پیش آئے گا اور کسی کی عزت یا وقار کو مجروح نہیں ہونے دیا جائے گا۔
قیدیوں کا سامان بغیر کسی رکاوٹ کے جلد از جلد پہنچایا جائے گا جو کہ ایک رنگ کی الگ الگ ٹوکریوں میں پرچی کے ساتھ ہوگا۔انتظارگاہ میں آنے والے ملاقاتیوں کی کسی بھی شکایات کا فوری ازالہ ہوگا اور تمام جیل خانہ جات کے سپرنٹنڈنٹ ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کے پابند ہوں گے جبکہ محکمہ داخلہ کی مانیٹرنگ ٹیمیں انسپیکشن بھی کریں گی اور ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کروانے والے سپرنٹنڈنٹ و ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کے خلاف کاروائی ہوگی