راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی ہدایت پر ایم پی اینڈ ٹی ای ڈائریکٹوریٹ آر ڈی اے نے فیصل ٹاؤن بلاک B1، موضع بجنیال، تحصیل و ضلع راولپنڈی میں غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم چلانے پر سکیم ڈائریکٹر کو نوٹس جاری کر دیا۔ نوٹس کے مطابق سکیم میں بغیر اجازت پلاٹوں کی فروخت، این او سی کے متعلق غلط معلومات پھیلانے ، اور عوام کو سوشل میڈیا پر گمراہ کن اشتہارات کے ذریعے دھوکہ دہی جیسے جرائم میں ملوث پائی گئی۔
منصوبہ پنجاب ڈویلپمنٹ آف سٹیز ایکٹ 1976 (ترمیمی ایکٹ 2014) اور پرائیویٹ ہاؤسنگ اسکیم رولز 2021 کی سنگین خلاف ورزی میں ملوث پایا گیا۔ آر ڈی اے نے تین ہاؤسنگ سکیموں الخان انکلیو و فیصل ہلز ٹیکسلا، اور عبداللہ سٹی موضع راجڑ چکری روڈ راولپنڈی کے خلاف ایف آئی آر کروا دیں اس سے قبل آر ڈی اے نے تھانہ وحدت کالونی و واہ کینٹ ٹیکسلا کو ایف آی آر کے لئے رجوع کیا تھا، جس میں بتایا گیا ہے کہ دونوں ہاؤسنگ سکیمز منظور شدہ رقبہ سے زائد رقبہ پر غیر قانونی ڈویلپمنٹ و اشتہاری مہم کے ذریعے سے عوام کو گمراہ کر کے فائلز کی فروخت و بکنگ جیسے جرائم کی مرتکب پائی گئی تھیں جبکہ آر ڈی اے کی واضح ہدایات اور ممنوعہ قرار دی گئی سرگرمیوں کے باوجود قانون کے مطابق عمل پیرا ہونے میں دونوں سکیمز مکمل طور پر ناکام رہیں ہیں ۔
یہ اقدام دفعہ 34(1)-B پنجاب ڈیولپمنٹ آف سٹیزیکٹ 1976 کے تحت دھوکہ دہی اور عوامی مفادات کے خلاف مجرمانہ سرگرمیوں کے زمرے میں آتے ہیں اور قابل سزا سنگین جرائم ہیں۔ اس کاروائی سے پہلے دونوں سکیمز کو متعدد نوٹسز دیئے گئے تھے تاہم وہ قانون کی پاسداری کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہیں ہیں۔ ڈی جی آر ڈی اے نے مزید خبردار کیا ہے کہ شہری ایسی غیر منظور شدہ و غیر مجاز سکیموں میں سرمایہ کاری سے گریز کریں اور مزید معلومات کیلئے آر ڈی اے کی ویب سائٹ یا آر ڈی اے میں قائم بی ایف سی کے دفتر سے رابطہ کریں اور اپنی قیمتی جمع پونجی کو ضائع ہونے سے بچائیں۔