راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)حالیہ شدید بارشوں اور شہری سیلاب کے نتیجے میں راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے نالوں پر ہونے والی غیر قانونی تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی کا آغاز کر دیا،ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ کی ہدایت پر انفورسمنٹ سکواڈ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نالوں کی گزرگاہوں میں رکاوٹ بننے والی تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کیا،یہ اقدام اس وقت اٹھایا گیا جب علاقے میں شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوئی اور نالوں پر تجاوزات کی وجہ سے شہری انفراسٹرکچر پر شدید منفی اثرات مرتب ہوئے،انفورسمنٹ سکواڈ نے موضع دھمیال کلیال، راولپنڈی میں نالے کے کنارے واقع پانچ خطرناک عمارتوں کو مسمار کر دیا،ان عمارتوں کو شہریوں اور رہائشیوں کی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا گیا تھا، آپریشن سے قبل ان عمارتوں کو خالی کرایا گیا تاکہ کسی قسم کا جانی نقصان نہ ہو.
ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے،قدرتی آبی گزرگاہوں میں رکاوٹیں شہری سیلاب کی بڑی وجہ ہیں اور اس معاملے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی،آر ڈی اے کے انفورسمنٹ سکواڈ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تمام غیر قانونی تعمیرات، خاص طور پر رہائشی اور تجارتی علاقوں کے حساس مقامات پر واقع نالوں کے اطراف کی نشاندہی کر کے ان کے خلاف سخت کارروائی کرے،اس مقصد کے لیے بھاری مشینری کا استعمال بھی کیا جا رہا ہے تاکہ جلد از جلد تمام تجاوزات کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے.
آر ڈی اے نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ نالوں پر یا ان کے قریب کسی بھی قسم کی تعمیر سے گریز کریں اور اتھارٹی سے مکمل تعاون کریں،خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلڈنگ اور ماحولیاتی قوانین کے تحت سخت قانونی کارروائی کی جائے گی،ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضی نے مزید کہا کہ یہ کارروائیاں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی براہِ راست ہدایات پر کی جا رہی ہیں، جنہوں نے تجاوزات، غیر قانونی تعمیرات، اور اشتہارات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعلان کیا ہے۔