راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی ہدایات پر آر ڈی اے کی انفورسمنٹ سکواڈ نے مون سون سیزن کے دوران عوامی تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے نالوں کے اطراف خطرناک اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بھرپور مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ اس مہم کے دوران اڈیالہ روڈ، دھمیال روڈ، دھمیال-کلیال اڈیالہ لنک روڈ سمیت ملحقہ علاقوں میں خطرناک عمارتوں اور غیر قانونی تعمیرات کے مالکان کو 10 نوٹسز جاری کیے گئے۔
آپریشن کا مقصد نالوں پر سے تجاوزات کا خاتمہ اور ایسے غیر قانونی ڈھانچوں کو ہٹانا ہے جو بارش کے دوران شہری سیلاب کا باعث بن سکتے ہیں اور عوامی جان و مال کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔ یہ آپریشن اڈیالہ روڈ سے شروع ہو کر جاوہ ڈیم، مصریوٹ ڈیم، دھمیال روڈ اور دھمیال-کلیال لنک روڈ تک کیا گیا۔ جاوہ ڈیم اور مصریوٹ ڈیم پر مکمل معائنہ کیا گیا تاکہ ایسے ممکنہ خطرات کی نشاندہی کی جا سکے جو مون سون کے دوران سیلاب یا پانی کی آلودگی کا سبب بن سکتے ہیں۔ ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے کہا کہ اتھارٹی غیر قانونی اور خطرناک تعمیرات، خصوصاً نالوں کے قریب تعمیر شدہ ڈھانچوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کر رہی ہے تاکہ عوامی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدامات وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی واضح ہدایات پر کیے جا رہے ہیں جنہوں نے تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنانےکی ہدایت کی ہے۔ ڈی جی آرڈی اے نے اس بات پر زور دیا کہ یہ آپریشنز آر ڈی اے کے پائیدار شہری انتظام اور شدید موسمی اثرات سے بنیادی ڈھانچے کے تحفظ کے ویژن کا حصہ ہیں۔
آر ڈی اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اتھارٹی کے ساتھ تعاون کریں اور نالوں اور ڈیمز کے اطراف کسی بھی قسم کی غیر قانونی تعمیرات سے گریز کریں۔ یہ انفورسمنٹ آپریشن اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول شیزہ تنویر آر ڈی اے کی سربراہی میں کیا گیا، ان کے ہمراہ بلڈنگ سروئیر عامر محمود ملک اور دیگر عملہ بھی شامل تھا۔