پنجاب میں 5 اگست سے مون سون بارشوں کا چھٹا مرحلہ، دریاؤں میں سیلاب کا خدشہ: ڈی جی پی ڈی ایم اے کا عوام کو محتاط رہنے کا انتباہ

لاہور (سٹاف رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) عرفان علی کاٹھیا نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ محتاط رہیں اور پانی والی جگہوں سے دور رہیں کیونکہ پنجاب بھر میں مون سون کی موسلادھار بارشوں کا چھٹا مرحلہ 5 اگست سے شروع ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اتوار کو اپنے ایک پیغام میں انہوں نے خبردار کیا کہ جاری بارشوں سے دریائے چناب اور جہلم میں درمیانے درجے سے اونچے درجے کا سیلاب آسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکام صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ بروقت وارننگ اور ممکنہ نقصان کو کم کرنے کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگست میں مون سون کی بارشیں گزشتہ ماہ کی بارشوں سے زیادہ ہونے کی توقع ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے بھر کے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ایک جامع الرٹ جاری کرتے ہوئے ان پر زور دیا ہے کہ وہ آنے والی مون سون کی بارشوں اور ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔ مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، سرگودھا، میانوالی، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، خنجر، اوکاڑہ، ڈیرہ غازی خان ،بہاولپور، خانیوال، پاکپتن، وہاڑی، لودھراں، مظفر گڑھ اور راجن پور میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم اے پنجاب نے سول ڈیفنس، ریسکیو ٹیموں اور متعلقہ اداروں کو تمام ضروری انتظامات مکمل کرنے کا کام سونپا ہے۔ ایمرجنسی کنٹرول روم کا عملہ اور ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر ریسپانس ٹیمیں تیز رفتاری سے جواب دینے کے لیے ہائی الرٹ رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ شدید بارشوں کے دوران محفوظ رہنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ مری اور گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرہ کے ساتھ ہی کچے مکانات اور کمزور عمارتوں کو بھی ممکنہ نقصان کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسافر اور سیاح احتیاط برتیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور بدلتے ہوئے موسمی حالات سے باخبر رہیں