مرکزی شاہراہ مری روڈ پر قومی پرچموں سے سجاوٹ،جشنِ آزادی کی تیاریاں عروج پر

راولپندی(سٹاف رپورٹر) 14 اگست 1947 کو ملکِ پاکستان بہت سی قربانیوں کے بعد معرضِ وجود میں آیا،اسی حوالے سے اگست کا مہینہ پاکستانیوں کے لئے نہایت اہمیت کا حامل ہے،یہ مہینہ شروع ہوتے ہی ملک بھر میں جشنِ آزادی کی رونقیں دیکھنے کو ملتی ہیں اور تیاریاں شروع کر دی جاتی ہیں راولپنڈی شہر میں پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی راولپنڈی کی جانب سے پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کا جشن منانے کے لئے تیاریاں شروع کر دی گئیں ہیں،پنجاب حکومت کے وژن کے مطابق ڈی جی پی ایچ اے راولپنڈی احمد حسن رانجھا کی خصوصی ہدایات پر راولپنڈی شہر کو جشنِ آزادی کی مناسبت سے خوبصورت انداز میں سجایا جائے گا،اسی حوالے سے شہر کی مرکزی شاہراہ مری روڈ کو قومی پرچموں سے خوبصورت انداز میں سجا دیا گیا ہے،جس سے ملی جذبات کی عکاسی کی جا رہی ہے.

ڈی جی پی ایچ اے احمد حسن رانجھا کی خصوصی ہدایات پر یومِ آزادی کو جوش و خروش سے منانے کے لئے راولپنڈی شہر کو خوبصورت انداز میں سجانے کے حوالے سے تیاریاں جاری ہیں، پی ایچ اے راولپنڈی کی جانب سے شہر میں برقی قمقموں سے سجاوٹ اور جشنِ آزادی کے حوالے سے مختلف تقاریب ترتیب دینے کے حوالے سے بھی تیاریاں جاری ہیں،ڈی جی پی ایچ اے راولپنڈی احمد حسن رانجھا کا کہنا تھا کہ 14 اگست کا دن ایک تاریخی اہمیت کا حامل ہے، ایک آزاد قوم ہی ترقی کی تمام منازل طے کر سکتی ہے، ہر بار کی طرح اس سال بھی راولپنڈی شہر میں پاکستان کا 78 واں یومِ آزادی نہایت جذبے اور احترام سے منایا جائے گا،راولپنڈی شہر کو یومِ آزادی کی مناسبت سے خوبصورت انداز میں سجانے کے حوالے سے پی ایچ اے خصوصی اقدامات کر رہا ہے.