راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ہدایت پر آر ڈی اے کی انفورسمنٹ اسکواڈ نے نالہ لئی کے کناروں پر تجاوزات کے خلاف کارروائی جاری رکھتے ہوئے 35 غیر قانونی تعمیرات جن میں واش رومز، کچن گیراجز اور سٹورز کو مسمار کر دیا گیا۔ آر ڈی اے کے ترجمان کے مطابق راولپنڈی شہر میں تجاوزات کے خاتمے اور عوامی مقامات کو واگزار کرانے کے لیے آر ڈی اے کی انفورسمنٹ اسکواڈ متحرک ہے۔ یہ آپریشن جن میں انسداد تجاوزات کی کارروائیاں شامل ہیں کا مقصد شہری نظم و ضبط کو برقرار رکھنا، رسائی کو بہتر بنانا اور شہر کے منصوبہ بند ڈھانچے کو بحال کرنا ہے۔
انسداد تجاوزات کا یہ آپریشن نالہ لئی کے کناروں پر کیا گیا، جہاں تجاوزات کے خلاف سخت اقدامات کیے گئے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ یہ کارروائی ڈائریکٹر لینڈ آر ڈی اے ملک غضنفر علی اعوان کی نگرانی میں میونسپل کارپوریشن راولپنڈی اور دیگر متعلقہ حکام کے تعاون سے انجام دی گئی۔ ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے واضح کیا کہ نالہ لئی کے کناروں پر کسی کو بھی غیر قانونی تعمیرات کرنے یا کوڑا کرکٹ پھینکنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ کریک ڈاؤن وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق کیا جا رہا ہے، جنہوں نے غیر قانونی تعمیرات، تجاوزات اور غیر مجاز تجارتی سرگرمیوں پر زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آرز بھی درج کی جائیں گی اور بلا امتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی۔ آر ڈی اے نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ ترقیاتی علاقوں میں قانون کی بالادستی کو یقینی بنائے گا اور راولپنڈی کے شہریوں کے لیے ایک صاف ستھرا اور پائیدار شہری ماحول فراہم کرے گا۔