راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)راولپنڈی شہر میں مون سون شجرکاری مہم کامیابی سے جاری،دعوتِ اسلامی کی تنظیم ایف جی آر ایف اور پی ایچ اے راولپنڈی کے تعاون سے علامہ اقبال پارک میں شجرکاری تقریب کا انعقاد کیا گیا،تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈی جی پی ایچ اے راولپنڈی احمد حسن رانجھا تھے،اس کے علاوہ راولپنڈی چیمبر آف کامرس اور دعوتِ اسلامی سے اہم شخصیات نے تقریب میں شرکت کی،تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک اور نعتِ رسول مقبولؐ سے کیا گیا،بعد ازاں دعوتِ اسلامی کی تنظیم ایف جی آر ایف کی خدمات کے حوالے سے ایک دستاویزی ویڈیو بھی دکھائی گئی،مقررین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شجرکاری کی اہمیت کو اجاگر کیا.
تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈی جی پی ایچ اے احمد حسن رانجھا نے اپنے خطاب میں دعوتِ اسلامی کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ دینی جماعتوں کو بھی شجرکاری کی اہمیت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لئے میدانِ عمل میں آنا چاہئے ،دعوتِ اسلامی کی یہ کاوش لائقِ تحسین ہے،پی ایچ اے راولپنڈی اس کاوش میں انکے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے،شجرکاری کی اہمیت کو اجاگر کر کے ہی موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹا جا سکتا ہے،
انھوں نے مزید کہا کہ ماحولیات کو عوام دوست بنانے کے لئے درخت لگانا ایک قومی فریضہ ہے،ہمیں اپنے علاقوں ،شہروں ،گلی محلوں کو آلودگی سے اور موسمیاتی تبدیلیوں سے بچانے کے لئے شجرکاری کو عام کرنے کی اشد ضرورت ہے،بعد ازاں علامہ اقبال پارک میں پودا لگا کر ڈی جی پی ایچ اے احمد حسن رانجھا دعوتِ اسلامی کی اس شجرکاری مہم کا حصہ بنے، دیگر شخصیات نے بھی پودا لگا کر شجرکاری مہم میں حصہ لیا.