راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی ہدایات پر آر ڈی اے انفورسمنٹ سکواڈ نے مون سون سیزن کے دوران عوامی تحفظ کے پیشِ نظر ایک خصوصی انفورسمنٹ ڈرائیو کا آغاز کر دیا ہے، جس کا مقصد نالوں کے ساتھ خطرناک اور غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کا خاتمہ ہے۔ یہ کارروائی صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری کردہ الرٹس کے مطابق کی جا رہی ہے تاکہ ممکنہ خطرات سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔
معائنہ کے دوران، مورگاہ، شاہ پور اور اڈیالہ روڈز پر کارروائی کرتے ہوئے آر ڈی اے نے 10 کمرشل املاک، جن میں دکانیں اور پلازہ شامل ہیں، اور 20 رہائشی تعمیر شدہ و غیر تعمیر شدہ عمارتوں کو سیل کر دیا۔ یہ عمارتیں ساختی طور پر غیر محفوظ تھیں اور رہائشیوں اور عام شہریوں کے لیے سنگین خطرہ بن رہی تھیں۔ اس کارروائی کے دوران سات ایف آئی آرز متعلقہ مالکان کے خلاف درج کرا دی گئیں ہیں ۔ ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے کہا کہ اتھارٹی عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے غیر قانونی تعمیرات اور خطرناک عمارتوں کے خلاف بلا امتیاز سخت اقدامات کر رہی ہے، خاص طور پر وہ جو قدرتی نالوں اور آبی گزرگاہوں کے قریب واقع ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدامات وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی ہدایات پر کیے جا رہے ہیں.
جنہوں نے غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کی ہدایت دی ہے۔ ڈی جی آر ڈی اے نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے آپریشنز راولپنڈی شہر کے پائیدار شہری انتظام اور انفراسٹرکچر کو موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے خطرات سے بچانے کے وسیع تر وژن کا حصہ ہیں۔ آر ڈی اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اتھارٹی سے تعاون کریں اور خاص طور پر نالوں اور ڈیمز کے ارد گرد تجاوز شدہ زمین پر کسی بھی غیر قانونی تعمیر سے گریز کریں۔ یہ آپریشن محمد داؤد اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول آر ڈی اے، بلڈنگ سروئیر عامر محمود ملک، بلڈنگ انسپکٹر شفیق الرحمن اور دیگر افسران کی قیادت میں انجام دیا گیا۔