لاہور (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پولیس گزشتہ روز انتظار کرتی رہ گئی کوئی احتجاج کرنے نہیں آیا، گالم گلوچ اور گریبان پکڑنے کی سیاست ہماری کارکردگی سے ختم ہوگئی لاہور اپنی چھت اپنا گھر منصوبے کی تقریب سے خطاب میں مریم نواز کا کہنا تھاکہ پنجاب کے عوام کو اپنی چھت اپنا گھر مبارک ہو ، اپنی چھت اپنا گھر پراجیکٹ میرے دل کے زیادہ قریب ہے، 7ماہ میں 64 ہزار افراد کو قرضے دیے جاچکے ہیں اور یہ قرض بغیر سود کے فراہم کیے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ 45 ہزار زیر تعمیر اور 9 ہزار گھروں کی تعمیر مکمل ہوچکی، امید ہے پانچ سال میں پانچ لاکھ گھروں کی تعمیر مکمل ہوجائے گی، بہت سارے لوگ ہیں جن کے پاس گھربنانے کے لیے وسائل نہیں، پوری دنیا میں ہمارے ہاؤسنگ اسکیم کی مثال دی جائے گی، نوازشریف نے ہاؤسنگ پروجیکٹ میں میرا بہت حوصلہ بڑھایا۔
کل احتجاج میں لوگ کیوں نہیں پہنچے اس پر پارٹی اور عمران خان سے بات کرونگا: سلمان اکرم
ان کا کہنا تھاکہ کم تنخواہ والے افراد کی کہانیاں دل دہلا دیتی ہیں، ہم پر الزام لگتا ہے کہ ہم لاہور کو ہی پنجاب سمجھتے ہیں یہ غلط ہے، پورے پنجاب میں ہاؤسنگ پروجیکٹ کے تحت گھر بنارہے ہیں، گھروں کی تعمیر کیلئے قرضے سو فیصد میرٹ پر دیے گئے، دوسروں کا گھر تعمیر کرنے والے مزدور آج اپنے گھر کے مالک بن گئے۔
مریم نواز کا کہنا تھاکہ اپنی زمین اپنا گھر کا پروجیکٹ لانچ کرنے لگے ہیں، 19 اضلاع سے اسکیم شروع کررہے ہیں، ان لوگوں کو گھربنانے کےلیے مفت پلاٹ دیں گے جن کے پاس زمین نہیں، اپنی زمین اپنا گھر پراجیکٹ کے پہلے مرحلے میں 2 ہزار پلاٹ دیے جائیں گے انہوں نے کہا کہ عسکری قیادت ہو یا سیاسی مخلص اور اہل لوگوں کی قیادت ہے، سفارتی محاذ پر کامیابی مل رہی ہے ، معیشت بہتر ہورہی ہے ، ملک اس وقت مخلص اور اہل قیادت کے ہاتھوں میں ہے۔
پی ٹی آئی احتجاج پر طنز کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھاکہ سی سی ڈی کے قیام کے بعد سے جرائم میں کمی آئی ہے، آئی جی کو کہا کہ کل آپ انتظار کرتے رہے کوئی احتجاج کیلیے آیا نہیں، گالم گلوچ اور گریبان پکڑنے کی سیاست ہماری کارکردگی سے ختم ہوگئی ، فساد پھیلانے والے، آگ لگانے اور جلاؤ گھیراؤ والے کیا جانیں عوام کی خدمت کا کیا مزا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کی کال دی گئی تھی اور ملک کے مختلف شہروں میں عمران خان کی رہائی کیلئے مظاہرے ہوئے تھے۔