ڈی آئی جی سید فرید علی کا نئے بھرتی کانسٹیبلز سے خطاب ادارے کے وقار اور اعلیٰ اخلاقی اقدار کو برقرار رکھنے کی ہدایت

لاہور (کرائم رپورٹر ) ڈی آئی جی سینٹرل زون سید فرید علی نے حال ہی میں بھرتی ہونے والے کانسٹیبلز سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ادارے کے وقار کو ہر صورت برقرار رکھیں اور اعلیٰ اخلاقی اقدار کو ہمیشہ مقدم رکھیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹرل زون میں منعقدہ ایک دربار کے دوران کیا، جس میں نئے افسران کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا گیا، ڈی آئی جی نے خطاب میں زور دیا کہ روڈ یوزرز کے ساتھ شائستہ رویہ اور خوش اخلاقی سے پیش آنا پولیس فورس کی اہم ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے ساتھ رویہ ہی ادارے کی ساکھ کو بہتر یا خراب کر سکتا ہے، اس لیے ہر افسر کو اپنے فرائض ایمانداری، دیانت اور شائستگی کے ساتھ ادا کرنے چاہئیں۔

ترجمان کے مطابق، دربار کے دوران افسران کے مسائل بھی سنے گئے اور ان کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی گئی۔ ڈی آئی جی نے کہا کہ ادارے کی ترقی افسران اور اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے جڑی ہوئی ہے، اس موقع پر ایس ایس پی عاطف شہزاد، مختلف ڈی ایس پیز اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ تقریب کا مقصد نہ صرف نئے افسران کی حوصلہ افزائی تھا بلکہ فورس کے اندر نظم و ضبط، پیشہ ورانہ رویوں اور اخلاقی اقدار کو فروغ دینا بھی تھا