سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کا یومِ آزادی پر جامع ٹریفک پلان جاری۔

راولپنڈی (کرائم رپورٹر ) سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے 14 اگست یومِ آزادی کے موقع پر شہریوں کو محفوظ اور بلا تعطل سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے ایک جامع ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق ٹریفک نظم و ضبط برقرار رکھنے اور خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں، سی ٹی او راولپنڈی فرحان اسلم کی ہدایت پر انسدادِ ون ویلنگ کے لیے ایک خصوصی اسکواڈ تشکیل دیا گیا ہے، جس میں 5 ڈی ایس پیز، 14 سینئر ٹریفک وارڈنز اور 91 وارڈنز و اسسٹنٹس شامل ہیں۔ اسکواڈ شہر کے مختلف علاقوں میں گشت کرے گا تاکہ ون ویلنگ، اوور اسپیڈنگ اور خطرناک ڈرائیونگ جیسی خطرناک حرکات کو روکا جا سکے، اس کے علاوہ عوامی پارکوں اور تفریحی مقامات پر بھی ٹریفک مینجمنٹ کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ ان مقامات پر 5 ڈی ایس پیز، 9 سینئر وارڈنز اور 58 وارڈنز و اسسٹنٹس تعینات کیے گئے ہیں تاکہ رش کے دوران ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھا جا سکے۔

ضلع بھر میں اہم چوکوں، شاہراہوں اور داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی پکٹس قائم کی گئی ہیں جن پر 1 ایس پی، 10 ڈی ایس پیز، 20 سینئر وارڈنز اور 150 اہلکار تعینات ہوں گے۔ اس کے علاوہ 13 اور 14 اگست کی درمیانی شب کو چراغاں والے مقامات اور دیگر اہم جگہوں پر اضافی نائٹ ڈیوٹی بھی لگائی گئی ہے، سی ٹی او فرحان اسلم نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور ون ویلنگ، اوور اسپیڈنگ اور خطرناک ڈرائیونگ سے گریز کریں تاکہ یومِ آزادی پر خوشیوں کو کسی ناخوشگوار واقعے سے محفوظ رکھا جا سکے، انہوں نے کہا کہ راولپنڈی پولیس کا مقصد نہ صرف قانون کا نفاذ ہے بلکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا بھی اولین ترجیح ہے.