راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر اور معرکہ حق کی فتح کے جشن کے حوالے سے راولپنڈی شہر میں میونسپل کارپوریشن/ضلعی انتظامیہ کی جانب سے لیاقت باغ میں جشن آزادی کی مناسبت سے رنگا رنگ اور شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا،تقریب میں شہر کی معزز شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی،بچے بوڑھے جوان خواتین سب ہی تقریب میں آزادی کے جشن میں شریک ہوئے،تقریب میں جشن ازادی کی مناسبت سے پاکستان کے ملی نغمے چلائے گئے جس پر عوام نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا،اس کے ساتھ ساتھ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے لیاقت باغ کے آس پاس اور پورے شہر میں شاندار سجاوٹ کا اہتمام بھی کیا گیا جسے عوام کی جانب سے خوب پذیرائی ملی.
تقریب میں پاکستان کے معروف فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا،جشن آزادی کی مناسبت سے پرفارمنسز کو عوام نے خوب سراہا،میونسپل کارپوریشن اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تقریب کی سیکیورٹی کے حوالے سے بھی زبردست انتظامات کیے گئے تھے،تقریب میں آنے والوں کے لیے واک تھرو گیٹس کا انتظام کیا گیا تھا،تقریب کے مرکزی پرفارمر ابرار الحق کے سٹیج پر آتے ہی عوام کی جانب سے خوب داد دی گئی اور پاکستان کے حق میں نعرے بازی بھی کی گئی،ابرار الحق نے پاکستان کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کے انے والے وقت میں پاکستان کے لیے مزید کامیابیاں ہوں گی اور عوام ترقی کی منازل طے کریں گے،بعد ازاں ابرار الحق نے ایسی شاندار پرفارمنس دی کے لیاقت باغ میں جشن آزادی کی اس تقریب کو چار چاند لگ گئے،عوام کی جانب سے خوب جوش و خروش کا مظاہرہ کیا گیا،ابرار الحق اور عوام کی جانب سے میونسپل کارپوریشن اور ضلعی انتظامیہ کو شاندار تقریب کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کیا گیا،اس موقع پر پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کے حوالے سے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں، بعد ازاں 12 بجتے ہی یوم آزادی کی خوشی میں میونسپل کارپوریشن اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا جس کو عوام کی جانب سے خوب پذیرائی حاصل ہوئی،آتش بازی کے دوران پاکستان اور پاک افواج کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کیے گئے.
14 اگست یوم آزادی کے دن صبح سویرے پی ایچ اے راولپنڈی کی جانب سے علامہ اقبال پارک میں پرچم کشائی کی ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا،اس موقع پر علامہ اقبال پارک میں شجرکاری مہم کا بھی اہتمام کیا گیا تھا،عوام کی جانب سے علامہ اقبال پارک میں پودے لگا کر پاکستان کی سلامتی کی دعائیں بھی کی گئی،بعد ازاں علامہ اقبال پارک میں پلانٹ ڈسٹریبیوشن کیمپ لگا کر عوام میں مفت پودے بھی تقسیم کیے گئے اور شجرکاری کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے پودے لگانے پر زور دیا گیا.