راولپنڈی (سٹاف رپورٹر ) ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی ہدایت پر پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر آر ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک پُروقار پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی، آر ڈی اے کی عمارت کے مرکزی حصے، مری روڈ، مرید چوک سے کچہری چوک تک اور دیگر نمایاں مقامات کو قومی پرچموں، جھنڈیوں، ملی جذبے سے بھرپور پینٹنگز اور برقی قمقموں سے دلکش انداز میں سجایا گیا، جس سے یومِ آزادی کا جوش و خروش جھلکتا رہا، ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے پوری قوم کو دل کی گہرائیوں سے یومِ آزادی کی مبارکباد دی، انہوں نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے آزادی کے حصول کے لیے بے شمار قربانیاں دیں اور شدید مشکلات برداشت کیں۔
یہ دن ہمیں قائداعظم محمد علی جناحؒ کی قیادت میں ہونے والی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے، جن کی ولولہ انگیز قیادت اور عزم سے پاکستان کا قیام ممکن ہوا۔ انہوں نے قومی ہیروز کی خدمات کو یاد رکھنے اور انہیں خراجِ تحسین پیش کرنے پر زور دیتے ہوئے پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم جو آزادی اور عزت کے ساتھ جی رہے ہیں، یہ سب ہماری افواجِ پاکستان کی لازوال قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ پاکستان آرمی نے ہر دور میں اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھائیں، قوم کا اعتماد جیتا اور مادرِ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانیں نچھاور کیں۔ انہوں نے تمام شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس دن کو خوشی، اتحاد اور ملکی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لیے دعاؤں کے ساتھ منائیں۔ ہم سب دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ ہمارے وطن کو ہمیشہ محفوظ رکھے اور ہمیں ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے۔ ان شاء اللہ، پاکستان تمام چیلنجز پر قابو پاتے ہوئے ترقی کی راہ پر گامزن رہے گا۔ تقریب کے اختتام پر وطنِ عزیز کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ اس موقع پر آر ڈی اے کے افسران، عملہ اور دیگر ملازمین نے بھرپور شرکت کی اور ملی جذبے سے لبریز ماحول میں یومِ آزادی منایا گیا۔