راولپنڈی (کرائم رپورٹر)چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم نے ٹریفک ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں ایک اہم میٹنگ کی صدارت کی، جس میں راولپنڈی کے ساتھ ساتھ اٹک، جہلم اور چکوال کے سرکل افسران، لائسنس برانچ انچارجز ، لائسنسگ برانچ میں تعینات سٹاف و ڈیٹا انٹری آپریٹرز شریک ہوئے۔ اس میٹنگ کا مقصد لائسنسنگ برانچز کی کارکردگی کا جائزہ لینا اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کو مزید مؤثر اور شفاف بنانا تھا.
میٹنگ کے دوران سی ٹی او نے تمام افسران اور سٹاف کو ہدایت کی کہ عوام الناس کو سہولیات فراہم کرنے میں شفافیت اور بروقت خدمت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس کا بنیادی مقصد شہریوں کے اعتماد کو مضبوط کرنا اور ان کے مسائل کو فوری طور پر حل کرنا ہے۔
اس موقع پر شہریوں کی سہولت کے عمل کو مزید بہتر بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر بھی بات کی گئی،چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور شکائت کی صورت میں متعلقہ اہلکار کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی شفافیت اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اور یہی اصول بہتر عوامی خدمت کی بنیاد ہیں۔