یو ایس اپیرل لاہور میں موٹروے پولیس کا روڈ سیفٹی سیمینار، ایم او یو پر دستخط اور شجر کاری مہم میں تعاون کا اعلان

لاہور (کرائم رپورٹر )یو ایس اپیرل لاہور میں موٹروے پولیس کے زیر اہتمام روڈ سیفٹی سے متعلق ایک اہم سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈی آئی جی موٹروے پولیس عمران شاہد اور ایس پی شہباز عالم نے خصوصی شرکت کی۔ سیمینار کا مقصد سڑکوں پر محفوظ ڈرائیونگ کے اصولوں سے آگاہی دینا اور حادثات کی روک تھام کے لیے عملی اقدامات پر زور دینا تھا ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق سیمینار میں شرکاء کو غنودگی، اوور اسپیڈنگ، اور لاپرواہی سے کی جانے والی ڈرائیونگ کے خطرناک نتائج سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر گاڑیوں کی بروقت دیکھ بھال اور مینٹیننس کی اہمیت پر بھی تفصیل سے روشنی ڈالی گئی تاکہ فنی خرابیوں کے باعث ہونے والے حادثات سے بچا جا سکے۔

سیمینار کے دوران موٹروے پولیس اور یو ایس گروپ کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے، جس کے تحت یو ایس گروپ کے ملازمین کے لیے باقاعدہ روڈ سیفٹی ٹریننگ سیشنز کا انعقاد کیا جائے گا۔ ان سیشنز میں ملازمین کو سڑکوں پر محفوظ سفر، ٹریفک قوانین کی پابندی، اور ہنگامی صورتحال میں مؤثر ردعمل کے حوالے سے تربیت دی جائے گی اس موقع پر موٹروے پولیس نے ماحول کے تحفظ کے لیے شجر کاری کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ یو ایس گروپ نے موٹروے پولیس کی شجر کاری مہم میں بھرپور تعاون کا اعلان کیا، جس کے تحت مختلف مقامات پر پودے لگائے جائیں گے تاکہ ماحولیاتی بہتری کے ساتھ ساتھ سڑکوں کے اطراف سرسبز ماحول کو فروغ دیا جا سکے۔

موٹروے پولیس کے ترجمان نے کہا کہ اس طرح کی شراکت داری نہ صرف روڈ سیفٹی کے شعور کو اجاگر کرتی ہے بلکہ نجی و سرکاری اداروں کے باہمی تعاون سے سماجی فلاح و بہبود کے نئے راستے کھلتے ہیں۔ موٹروے پولیس مستقبل میں بھی ایسی آگاہی مہمات کا تسلسل برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔