راولپنٍدی (سٹاف رپورٹر )راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے مالی سال 2025-26 کے لیے 3953 ملین روپے کا سالانہ بجٹ کو حتمی شکل دے دی ہے۔ فنانس سب کمیٹی، جس کی صدارت ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے کی، نے بجٹ کی جانچ پڑتال کی اور ترقیاتی اخراجات کے تخمینے حکومت پنجاب کو منظوری کے لیے ارسال کر دیے۔ فنانس سب کمیٹی میں محکمہ خزانہ، پی اینڈ ڈی، اور محکمہ ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ و پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے نمائندگان شامل تھے۔
کمیٹی کا مقصد آر ڈی اے کے مالیاتی منصوبے کا جائزہ لینا اور اسے اسٹریٹجک ترقیاتی اہداف سے ہم آہنگ بنانا تھا۔ اجلاس کے دوران اہم منصوبوں کے بارے میں بتایا گیا کہ جاری اور نئی ترقیاتی سکیموں کے لیے 8808 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں، جن کا مقصد راولپنڈی میں انفراسٹرکچر اور شہری ترقی کو فروغ دینا ہے۔ راولپنڈی رنگ روڈ – R-3 پروجیکٹ، 38.3 کلومیٹر مرکزی سڑک کی تعمیر (بانٹھ (N-5) سے ٹھلیاں (M-2) تک)، جس کے لیے 32,997.054 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔
نالہ لئی منصوبہ کاریڈور (N-5) کے ساتھ مرکزی سیوریج، آؤٹ فال سیور کے فزیبلٹی سٹڈی اور تفصیلی ڈیزائن کے لیے 1000 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔ راولپنڈی رنگ روڈ (فیز 2)، ٹھلیاں (M-2) سے جی ٹی روڈ (N-5) تک کے لیے فزیبلٹی اسٹڈی اور تفصیلی ڈیزائن کی مد میں 1000 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اجلاس میں اہم حکام نے شرکت کی، جن میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے منصور احمد خان، قاضی سہیب احمد، ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس، مسعود ارشد، ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس، اور محکمہ خزانہ، ایچ یو ڈی اینڈ پی ایچ ای، اور پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ کے نمائندگان شامل تھے۔ مجوزہ بجٹ آر ڈی اے کے راولپنڈی ریجن میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور پائیدار شہری منصوبہ بندی کے عزم کا مظہر ہے.