راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)سیکرٹری ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ و پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کیپٹن (ر) نورالامین مینگل کی ہدایت پر، ڈپٹی سیکرٹری ہاؤسنگ عظیم اعوان نے راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا دورہ کیا، جہاں یونیورسٹی ٹاؤن ہاؤسنگ سکیم میں نامکمل اور غیر قانونی ترقیات کے سنگین معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ آر ڈی اے کانفرنس روم میں ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں آر ڈی اے کے افسران نے یونیورسٹی ٹاؤن کی منظوری مختلف خلاف ورزیوں کے خلاف کی گئی قانونی کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں انکشاف ہوا کہ بلاک اے، بی، سی، ای اور ایف میں متعدد خلاف ورزیاں کی گئی ہیں، جن میں غیر منظور شدہ ترقیاتی سرگرمیاں اور بغیر منظوری کے پلاٹوں کی فروخت شامل ہیں۔ ڈپٹی سیکرٹری ہاؤسنگ نے یونیورسٹی ٹاؤن کے سپانسرز، متاثرہ الاٹیوں کے نمائندگان، اور آر ڈی اے کے انجینئرنگ اور لینڈ ڈائریکٹوریٹ کے افسران پر مشتمل ایک ورکنگ گروپ تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ یہ ورکنگ گروپ مالی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ اکاؤنٹ قائم کرے گا اور ترقیاتی کاموں کے لیے سخت ٹائم لائنز پر عمل درآمد کرے گا۔ انفراسٹرکچر ڈیزائن کی منظوری آر ڈی اے کے قواعد کے مطابق مکمل کی جائے گی، جبکہ رہن شدہ پلاٹس سے متعلق تمام اعتراضات فوری طور پر ختم کیے جائیں گے۔
ڈپٹی سیکرٹری نے واضح کیا کہ خلاف ورزی پر متعلقہ قوانین کے مطابق جرمانے عائد کیے جائیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بلاک اے، بی اور سی میں واقع مساجد کی تعمیر سپانسرز کے خرچ پر مکمل کی جائے، سکیم کی باؤنڈری وال کو جلد از جلد مکمل کیا جائے، مساجد کے لیے ایک مناسب مینٹیننس پالیسی تیار کی جائے، اور مکمل ترقیاتی پلان چارمہینوں کے اندر جمع کرایا جائے، جبکہ تمام ترقیاتی کام چار ماہ کے اندر مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ رہن شدہ پلاٹس کی رہائی ترقیاتی پیش رفت سے مشروط ہو گی۔ اجلاس کے دوران الاٹمنٹ، قبضے اور چارجز سے متعلق معاملات پر بھی غور کیا گیا۔ فیصلہ کیا گیا کہ تمام ترامیم آر ڈی اے قواعد کے مطابق کی جائیں گی، کسی بھی الاٹمنٹ کی منسوخی آر ڈی اے کی منظوری کے بغیر نہیں کی جا سکے گی، اور خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی.
جس میں ایف آئی آرز کا اندراج بھی شامل ہو سکتا ہے۔ اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی سیکرٹری ہاؤسنگ عظیم اعوان نے آر ڈی اے افسران کے ہمراہ یونیورسٹی ٹاؤن کا فیلڈ دورہ بھی کیا۔ انہوں نے ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوامی مفاد کے تحفظ اور قواعد و ضوابط کی بحالی کے لیے فوری اقدامات ضروری ہیں۔ چیف پلانر آر ڈی اے، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ، ڈائریکٹر ایل یو اینڈ بی سی، ڈائریکٹر ایم پی اینڈ ٹی ای، ڈائریکٹر ایل ڈی، ڈائریکٹر انجینئرنگ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ، سیکشن آفیسر ہاؤسنگ II، یونیورسٹی ٹاؤن سے جمیل خان، متا ثرہ الاٹیز سے عمر صدیق خٹک نے اجلاس میں شرکت کی۔