لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار راجہ کی ہدایات پر تمام ایئرپورٹس پر مسافروں کی سخت اسکریننگ کا عمل جاری ہے۔ گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران ایف آئی اے امیگریشن لاہور نے 3.1 ملین سے زائد مسافروں کی امیگریشن کا عمل مکمل کیا ہے رواں سال مجموعی طور پر 15,654 فلائٹس کے مسافروں کی امیگریشن کی گئی جن میں 7,846 فلائٹس پر 1.63 ملین مسافروں کی بیرون ملک روانگی اور 1.5 ملین مسافروں کی بیرون ملک آمد شامل ہے اس دوران لاہور ایئرپورٹ پر جعلی دستاویزات کے ذریعے سفر کی کوشش کرنے والے 45 مسافروں کو گرفتار کیا گیا جبکہ گداگری میں ملوث 86 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان کو مزید تحقیقات کے لیے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل لاہور منتقل کیا گیا ہے۔
لاہور ایئرپورٹ پر اس سال پنجاب پولیس کو مطلوب 30 سنگین مجرموں کی بیرون ملک فرار کی کوشش ناکام بنائی گئی ہے۔ اسی طرح نیب، اینٹی کرپشن اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب 68 ملزمان کی فرار کی کوشش بھی ناکام رہی۔ ملزمان کے نام اسٹاپ لسٹ میں شامل تھے اور بعد ازاں انہیں متعلقہ حکام کے حوالے کیا گیا ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ مسافروں کو بہترین امیگریشن سروس فراہم کرنا ادارے کی اولین ترجیح ہے اور تمام سفری دستاویزات کا مکمل جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انسانی سمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے تاکہ ملک میں قانون کی حکمرانی کو یقینی بنایا جا سکے۔