راولپنڈی(کرائم رپورٹر)چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی ضلع بھر میں ٹریفک کی بلا رکاوٹ روانی،لاء انفورسمنٹ اور ٹریفک حادثات کے سد باب کے حوالے سے پر عزم، تمام ٹریفک سرکل و سیکٹر انچارجز سمیت ٹریفک سٹاف کو ٹریفک انتظامات میں مزید بہتری کے حوالے سے واضح احکامات جاری۔ تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم ضلع راولپنڈی میں ٹریفک کی بلا رکاوٹ روانی، لاء انفورسمنٹ سمیت ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے پر عزم،ضلع بھر کے سرکل،سیکٹر انچارجزسمیت تمام ٹریفک سٹاف کو ٹریفک انتظامات میں مزید بہتری کے حوالے سے واضح احکامات جاری کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تمام انچارجز اپنے سرکل و سیکٹر میں حادثات کے سد باب اور منظم ٹریفک کیلئے لاء انفورسمنٹ کو ہر صورت یقینی بنائیں .
عوام الناس میں ٹریفک شعور اجاگر کرنے کیلئے ایجوکیشن ونگ کیجانب سے خصوصی آگاہی مہمات بھی چلائی جا ئیں۔ٹریفک قوانین کیخلاف ورزی پر چالان کیصورت میں سب سے پہلے ڈرائیونگ لائسنس چیک کیا جائے،ڈرائیونگ لائسنس نہ ہونے پر جرمانہ کرنے کیساتھ ڈرائیونگ لرنر پرمٹ بھی جاری کیا جائے۔بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں، ون وے کیخلاف ورزی، اوور لوڈنگ اور ٹریفک قوانین کی دیگر سنگین خلاف ورزیوں پر سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے، لین لائن وسٹاپ لائن کی ہر صورت پابندی کروائی جائے،وارننگ کے باوجود تجاوزات قائم کرنیوالوں کیخلاف باقاعدہ مقدمات درج کروائے جائیں،پلازوں کے باہر رانگ پارکنگ اور غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈ فوری طور پر ختم کروائے جائیں.
انکا مزید کہنا تھا کہ ضلع راولپنڈی میں ٹریفک قوانین کیخلاف ورزی کی کوئی گنجائش نہیں ہے،شہر میں حادثات کی روک تھام اور منظم ٹریفک کے حصول کیلئے ٹریفک قوانین کی پاسداری ضروری ہے۔تمام افسران و جوان دوران ڈیوٹی جو بھی کام کریں قانون کے مطابق،اچھے طریقے اور نیک نیتی سے کریں اوراپنی ذمہ داری اور کام کی اہمیت کو سمجھیں یہی چیزیں آپکی عزت میں اضافہ اور محکمہ پولیس کی نیک نامی کا باعث بنتی ہیں.