راولپنڈی ( کرائم رپورٹر)چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی کی اپنے دفتر میں انجمن تاجران، عہدیداران و ممبران سے ملاقات۔تاجر برادری سے جڑے ٹریفک کے مسائل کو ہر ممکنہ طور پر حل کیا جائے گا۔ تاجر برادری کے تعاون سے ہی شہرمیں قائم تجاوزات کا خاتمہ کر کے ٹریفک کی روانی کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم سے راولپنڈی کے انجمن تاجران، عہدیداران و ممبران نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔انجمن تاجران کیجانب سے ضلع راولپنڈی میں ٹریفک انتظامات میں مزید بہتری کے حوالے سے تجاویز پیش کی گئیں جس پر سی ٹی اوراولپنڈی فرحان اسلم نے تاجر برادری کے ساتھ جڑے ٹریفک کے مسائل کوہر ممکنہ طور پر حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم کا کہنا تھا کہ تاجر برادری معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر ہو گی تو سرمایہ کار اور تاجراعتماد کے ساتھ کاروبار کر سکیں گے.
معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں تاجر برادری کا نہایت اہم کردار ہے ہماری بھر پور کوشش ہے کہ شہر اور خاص طور پر مارکیٹوں میں ٹریفک کی روانی کومزید بہتر بنایا جا ئے تا کہ خریدار اطمینان کے ساتھ خریداری کر سکیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تاجر برادری کے تعاون سے ہی شہرمیں قائم تجاوزات کا خاتمہ کر کے ٹریفک کی روانی کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے تجاوزات کے خاتمہ سے خریداروں کو ایک موثر پارکنگ میسر آئے گی جس سے انھیں خریداری میں آسانی ہو گی جس کا براہ راست فائدہ دوکانداروں کو ہو گا،میٹنگ کے اختتام پر سی ٹی او راولپنڈی فرحان اسلم نے انجمن تاجران کے عہدیداران کو ایمبیسڈر آف ٹریفک پولیس کے بیج بھی لگائے.