راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)سیکریٹری ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ و پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کیپٹن (ریٹائرڈ) نورالامین مینگل کی ہدایات پر راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے موٹ میکڈونلڈ پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کر دیے ہیں۔ اس معاہدے کا مقصد راولپنڈی رنگ روڈ کے لیے جامع لینڈ یوز پلان اور کوریڈور ڈویلپمنٹ اسٹریٹیجی کی تیاری ہے۔ اس سلسلے میں ایک اہم اجلاس آر ڈی اے ہیڈ کوارٹر میں منعقد ہوا، جس کی صدارت ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے منصور احمد خان نے کی۔
اجلاس میں چیف پلانر آر ڈی اے محمد طاہر میو، ڈائریکٹر لینڈ غضنفر علی اعوان، ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول سمیع اللہ نیازی، ڈائریکٹر ایم پی اینڈ ٹی ای عاطف محمود چوہدری، دیگر آر ڈی اے افسران اور موٹ میکڈونلڈ پاکستان کے نمائندگان نے شرکت کی۔ معاہدے پر دستخط چیف پلانر آر ڈی اے اور ایم ایم پی کے نمائندگان نے کیے، جو راولپنڈی کی پائیدار اور منصوبہ بند ترقی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ یہ منصوبہ 38 کلومیٹر طویل راولپنڈی رنگ روڈ کے ساتھ 500 میٹر چوڑی پٹی پر مشتمل ہے، اور پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا جدید شہری ترقیاتی ماڈل ہے جو راہداری پر مبنی ہے۔ اس اسٹریٹیجی کا مقصد رنگ روڈ کوریڈور کو رہائشی، تجارتی اور ادارہ جاتی ترقی کے مرکز میں تبدیل کرنا ہے، جس سے ٹریفک کے دیرینہ مسائل کو بھی کم کیا جائے گا۔
اس منصوبے میں جدید اربن ڈیزائن، اعلیٰ معیار کا انفراسٹرکچر اور عوامی سہولیات شامل ہوں گی۔ بین الاقوامی بہترین طرزِ عمل کو اپناتے ہوئے یہ پروجیکٹ راولپنڈی میں روابط کو بہتر بنائے گا، اقتصادی مواقع پیدا کرے گا اور شہریوں کے معیارِ زندگی میں نمایاں بہتری لائے گا۔ ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے کہا کہ یہ تاریخی اقدام راولپنڈی کے شہری مستقبل کی نئی تعریف قائم کرے گا۔ یہ منصوبہ نہ صرف عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرے گا بلکہ اربن اسپرال کو بھی روکے گا اور آنے والی نسلوں کے لیے شہر کو زیادہ قابلِ رہائش اور پائیدار بنائے گا۔ آر ڈی اے اور ایم ایم پی کی یہ شراکت، پاکستان بھر میں مربوط اربن پلاننگ اور ترقی کے لیے راولپنڈی کو ایک مثال کے طور پر پیش کرنے کی جانب ایک فعال قدم ہے۔