پنجاب کے دریائوں اور ندی نالوں میں شدید سیلاب کی صورتحال برقرار ہے، ترجمان پی ڈی ایم اے

لاہور (سٹاف رپورٹر)پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ بارشوں کے باعث پنجاب کے دریائوں اور ندی نالوں میں شدید سیلاب کی صورتحال برقرار ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر درمیانے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے،دریائے چناب مرالہ کے مقام پر پانی کی آمد 1 لاکھ 91 ہزار جبکہ اخراج 1 لاکھ 85 ہزار کیوسک ہے۔ دریائے چناب میں خانکی کے مقام پر انتہائی خطر ناک اونچے درجے کی سیلابی صورتحال ہے، خانکی کے مقام پر پانی کا بہائو8 لاکھ 59 ہزار کیوسک ہے،قادر آباد کے مقام پر انتہائی خطر ناک اونچے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کا بہائو 9 لاکھ 96 ہزار کیوسک ہے۔ دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب اور پانی کا بہائو 1 لاکھ 39 ہزار کیوسک ہے۔ ڈی جی عرفان علی کاٹھیاکے مطابق دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کی سیلابی صورتحال اور پانی کا بہائو 1 لاکھ 55 ہزار کیوسک ہے۔ بلوکی ہیڈورکس پر درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال اور پانی کا بہائو93 ہزار کیوسک ہے ۔

دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر انتہائی خطر ناک اونچے درجے کا سیلاب اور پانی کا بہائو 2 لاکھ 61 ہزار کیوسک ہے۔ ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب اور پانی کا بہائو1 لاکھ 9 ہزار کیوسک ہے۔ ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاویدنے بتایا کہ پی ڈی ایم اے صوبے بھر میں مسلسل کوآرڈینیشن کو یقینی بنا رہا ہے،انہوں نے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنرز اور دیگر افسران فیلڈ میں موجود رہیں اورسیلاب سے متاثرہ علاقوں سے لوگوں کے انخلا کو جلد از جلد یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کی حفاظت اولین ترجیح اور ذمہ داری ہے، تمام متعلقہ ریسکیو و ریلیف ادارے ہائی الرٹ رہیں اس سلسلے میں کوتاہی کی گنجائش نہیں۔