راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کانفرنس روم میں راولپنڈی رنگ روڈ اکنامک زونز کے حوالے سے ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کنزہ مرتضی نے کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی آر ڈی اے نے راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کی انقلابی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف راولپنڈی اور اسلام آباد میں ٹریفک کے مسائل کو کم کرے گا بلکہ شہریوں کو صاف، صحت مند اور محفوظ ماحول بھی فراہم کرے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس منصوبے کے تحت لاجسٹکس اور ایجوکیشن سینٹرز، ہیلتھ سٹی، ڈرائی پورٹ، بزنس سینٹرز، انڈسٹریل زونز، ٹرانسپورٹ ٹرمینلز، ہول سیل مارکیٹس، تفریحی پارکس اور رہائشی کمیونٹیز رنگ روڈ کے دونوں اطراف قائم کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ خطے کی معیشت کو فروغ دے گا، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گا اور عوام کے لیے بہتر سہولیات فراہم کرے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تعمیراتی کام جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ اس موقع پر او آئی سی COMSTECH کے سینیئر ایڈوائزر پروفیسر ڈاکٹر شاہد محمود نے منصوبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ جڑواں شہروں کی دیرینہ ضرورت تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ خاص طور پر راولپنڈی کے جنوب مغربی توسیعی علاقوں میں ترقی کا محرک ثابت ہوگا۔ انہوں نے تجویز دی کہ جدید شہری منصوبہ بندی کے تحت اسپیشل اکنامک زونز کے قیام کے ساتھ گرین بلڈنگ کوڈ اور شہری نوسازی پر عمل درآمد کیا جائے تاکہ غیرقانونی تجاوزات کا مستقل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آر ڈی اے کاروباری برادری کی مکمل معاونت جاری رکھے گا اور نجی شعبے کی شمولیت کو فروغ دے گا۔ ان کے مطابق پاکستان کے معاشی مسائل کا حل نجی سرمایہ کاری اور برآمدات کے فروغ میں ہے، اور سرمایہ کاروں کو راولپنڈی رنگ روڈ اکنامک زونز میں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔ سابق سفیر محترمہ نغمانہ ہاشمی نے بھی اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ رنگ روڈ منصوبے کا بنیادی مقصد جڑواں شہروں میں معاشی روابط اور ٹرانسپورٹ کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے منصور احمد خان، چیف پلانر آر ڈی اے، ڈائریکٹر ایم پی اینڈ ٹی ای، ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول، ڈائریکٹر انجینئرنگ اور دیگر افسران نے شرکت کی۔