لاہور (کرائم رپورٹر )انسپکٹر جنرل (آئی جی) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس بی اے ناصر کی زیر صدارت سیلابی صورتحال کے پیش نظر ایک اہم اور اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ریجنل اور زونل کمانڈرز سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی اجلاس کے دوران ملک میں جاری بارشوں اور ممکنہ سیلابی خطرات کے پیش نظر قومی شاہراہوں کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق آئی جی بی اے ناصر نے افسران کو ہدایت دی کہ قومی شاہراہوں سے ملحقہ سیلاب زدہ علاقوں کی کڑی نگرانی کی جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
آئی جی موٹروے پولیس نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی روابط رکھیں تاکہ سیلاب کے دوران باہمی تعاون سے امدادی اور حفاظتی سرگرمیاں موثر طریقے سے انجام دی جا سکیں انہوں نے مزید کہا کہ موٹروے پولیس کی اولین ترجیح قومی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی کو ہر صورت ممکن بنانا ہے، تاکہ عوام الناس کو کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
آئی جی بی اے ناصر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا:”سیلاب متاثرین کی مدد ہمارا قومی اور پیشہ ورانہ فریضہ ہے۔ موٹروے پولیس اس نازک وقت میں اپنی تمام تر صلاحیتوں کے ساتھ میدان میں موجود ہے اور متاثرہ علاقوں میں پوری طرح متحرک ہے۔”ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق، سیلابی صورتحال کے دوران عوام کو بروقت اطلاعات کی فراہمی، ٹریفک ڈائیورژن، ریسکیو آپریشن اور متاثرہ افراد کی مدد کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔موٹروے پولیس کی جانب سے شہریوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں 130 ہیلپ لائن پر فوری رابطہ کریں۔