ملتان( کرائم رپورٹر)ایف آئی اے ملتان زون نے انسانی سمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث نیٹ ورک کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ کمپوزٹ سرکل ملتان اور بہاولپور کی مشترکہ کارروائیوں میں دو انسانی سمگلرز کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
گرفتار ملزمان محمد وسیم اور محمد حسین کو بہاولنگر اور ملتان کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزمان نے شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورے تھے۔ ملزم محمد حسین نے ایک شہری سے دبئی میں ملازمت کا وعدہ کر کے 4 لاکھ روپے حاصل کیے، جبکہ ملزم محمد وسیم نے یو اے ای ملازمت کے نام پر 2 لاکھ 63 ہزار روپے وصول کیے۔
تاہم، دونوں ملزمان شہریوں کو بیرون ملک بھیجنے میں ناکام رہے اور بھاری رقم وصول کرنے کے بعد روپوش ہو گئے تھے۔ ایف آئی اے نے ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے اور مزید نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ انسانی سمگلنگ کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کو اس غیر قانونی اور خطرناک سرگرمی سے محفوظ رکھا جا سکے۔