لاہور( کرائم رپورٹر)مالیاتی جرائم کے تدارک اور بینکوں کے ساتھ مؤثر روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایف آئی اے لاہور میں ایک اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد علی ضیاء نے کی، جس میں پاکستان کے قومی اور پرائیویٹ کمرشل بینکوں کی کمپلائنس ڈویژن کے سربراہان نے شرکت کی۔
اجلاس کا مقصد مالیاتی جرائم کی روک تھام، ریگولیٹری کمپلائنس سے متعلق مسائل پر ادارہ جاتی ہم آہنگی کو فروغ دینا اور بینکنگ سیکٹر اور ایف آئی اے کے درمیان معلومات کے بروقت اور موثر تبادلے کو یقینی بنانا تھا۔ بینکنگ نمائندگان نے اجلاس میں اپنے تحفظات، عملی مشکلات اور تجاویز پیش کیں، جن پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے مشکوک لین دین کی فوری رپورٹنگ، بینکنگ فراڈز، مالی بے ضابطگیوں اور قانونی معاونت کے حوالے سے بروقت کارروائی کے طریقہ کار کو بہتر بنانے پر زور دیا گیا۔ اس کے علاوہ، بینکنگ سیکٹر اور ایف آئی اے کے افسران کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے باہمی ٹریننگ سیشنز کے انعقاد پر بھی غور کیا گیا۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور نے ایف آئی اے اور بینکاری شعبے کے مابین مؤثر روابط کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مکمل ادارہ جاتی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اجلاس میں باہمی دلچسپی کے امور پر مشترکہ اقدامات اور اشتراکِ عمل کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس سلسلے میں آئندہ اجلاس سہ ماہی بنیادوں پر منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط اور ادارہ جاتی شکل دی جا سکے۔