پی ڈی ایم اے کی دریائے راوی، ستلج وچناب میں سیلاب کے باعث ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری

لاہور (سٹاف رپورٹر)پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائے راوی، ستلج اور چناب میں سیلاب کے باعث ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی ۔ دریائے راوی ،ستلج وچناب میں شدید سیلابی صورتحال کے باعث 2308 موضع جات اور مجموعی طور پر15 لاکھ 16 ہزار لوگ متاثر ہوئے۔اس حوالے سے ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے کہا کہ سیلاب میں پھنس جانے والے 4 لاکھ 81 ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا،شدید سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں 511 ریلیف اور351 میڈیکل کیمپس بھی قائم کیے گئے ہیں۔اسی طرح مویشیوں کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے 321 ویٹرنری کیمپس قائم اور متاثرہ اضلاع میں ریسکیو ریلیف سرگرمیوں میں 4 لاکھ 5 ہزار جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

ریلیف کمشنر پنجاب نے کہا کہ دریائے چناب مرالہ کے مقام پر پانی کا بہائو 1 لاکھ 11 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ،اسی طرح خانکی ہیڈ ورکس کے مقام پر پانی کا بہائو 1 لاکھ 70 ہزار کیوسک،قادر آباد کے مقام پر1 لاکھ 71 ہزار کیوسک اور ہیڈ تریموں کے مقام پر پانی کا بہائو 1 لاکھ 46 ہزار80ہے جس میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ریلیف کمشنر پنجاب نےکہا کہ دریائے راوی جسڑ کے مقام پر پانی کا بہائو 78 ہزار کیوسک ، شاہدرہ کے مقام پر ایک لاکھ 38 ہزار کیوسک اور بہائو میں کمی آ رہی ہے۔اسی طرح بلوکی ہیڈ ورکس پر پانی کا بہائو 1 لاکھ 99 ہزار کیوسک اور اضافہ ہو رہا ہے جبکہ دریائے راوی ہیڈ سدھنائی کے مقام پر پانی کی آمد 32 ہزار اور اخراج 18 ہزار کیوسک ہے۔

ریلیف کمشنر پنجاب نے کہا کہ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہائو3 لاکھ 3 ہزار کیوسک اور بہائو میں اضافہ ہو رہا ہے ،سلیمانی کے مقام پر پانی کا بہائو 1 لاکھ 38 ہزار کیوسک ہے۔ انہوں نے کہا کہ منگلا ڈیم80 فیصد جبکہ تربیلا ڈیم 100 فیصد تک بھر چکا ہے، بھارت میں پونگ ڈیم 94 فیصد اور تھین ڈیم92 فیصد تک بھر چکا جبکہ دریائے ستلج پر موجود انڈین بھاکڑا ڈیم 84 فیصد تک بھر چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب میں ڈوبنے سے30 شہری جاں بحق اورلاہور میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 اموات رپورٹ ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر شہریوں اورکسانوں کے نقصانات کا تخمینہ لگا کر ازالہ یقینی بنایا جائے گا۔نبیل جاوید نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارش ریکارڈ کی گئی، رپورٹ کے مطابق منڈی بہائوالدین میں 81 ملی میٹر، حافظ آباد 63، جہلم 50، سیالکوٹ 47، بہاولنگر 44، گجرات 34، فیصل آباد 32،شیخوپورہ 31، لاہور 26، چکوال 18، گوجرانوالہ 14، خانیوال 12 اور جھنگ میں 10 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

اسی طرح راولپنڈی، کوٹ اددو، ساہیوال، سرگودھا اور قصور میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی ۔انہوں نے کہاکہ آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشوں کا امکان ہے، مون سون بارشوں کا 9واں سپیل 2 ستمبر تک جاری رہے گا۔