ایف آئی اے ملتان زون کی انسانی اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائیاں، ویزا فراڈ میں ملوث 4 ملزمان گرفتار

ملتان(کرائم رپورٹر )وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) ملتان زون کی جانب سے انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ایف آئی اے نے مختلف شہروں سے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جن میں ایک اشتہاری ملزم بھی شامل ہے گرفتار ملزمان کی شناخت محمد اختر، افتخار آصف، عبدالشکور اور محمد اشرف کے ناموں سے ہوئی ہے۔ انہیں ڈی جی خان، خانیوال، ملتان اور لودھراں کے مختلف علاقوں سے حراست میں لیا گیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق یہ تمام ملزمان بیرون ملک ملازمت کے جھانسے دے کر شہریوں سے بھاری رقوم وصول کرنے میں ملوث تھے، مگر بعد ازاں نہ تو متاثرین کو بیرون ملک بھجوایا گیا اور نہ ہی رقم واپس کی گئی۔ ملزمان رقم لے کر روپوش ہو گئے تھے۔

تفصیلات کے مطابق ملزم عبدالشکور نے ایک شہری کو ملائیشیا میں ملازمت دلانے کے بہانے 4 لاکھ 60 ہزار روپے ہتھیائے افتخار آصف نے قطر بھجوانے کے وعدے پر 2 لاکھ 75 ہزار روپے وصول کیے اشتہاری ملزم محمد اختر نے عراق بھجوانے کے نام پر 1 لاکھ 45 ہزار روپے بٹورے ، محمد اشرف نے قطر میں ملازمت دلانے کا جھانسہ دے کر ایک شہری سے 11 لاکھ 72 ہزار روپے کا فراڈ کیا ایف آئی اے نے تمام گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرتے ہوئے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران مزید انکشافات اور ممکنہ سہولت کاروں کی گرفتاری متوقع ہے۔