راولپنڈی(سٹاف رپورٹر )جڑواں شہروں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ شروع ہوتے ہی واسا راولپنڈی نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے اور شہر میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ ایم ڈی واسا محمد سلیم اشرف کے مطابق تمام تر ضروری اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے ترجمان واسا کے مطابق محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے بعد واسا نے تمام عملے کو ہنگامی بنیادوں پر متحرک کر دیا ہے۔ شہر کے نشیبی علاقوں میں ہیوی مشینری کے ہمراہ عملہ تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ نکاسی آب میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔
ایم ڈی واسا نے بتایا کہ بارش کے آغاز کے ساتھ ہی کمیٹی چوک انڈر پاس اور مری روڈ پر بھاری مشینری روانہ کر دی گئی ہے، جہاں نکاسی آب کے عمل کی نگرانی کی جا رہی ہے انہوں نے مزید بتایا کہ نالہ لئی سمیت شہر کے تمام بڑے اور چھوٹے نالوں کی بروقت بھل صفائی مکمل کر لی گئی ہے، اور ان کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔
اب تک کی صورتحال کے مطابق نالہ لئی میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 5 فٹ جبکہ گوالمنڈی پل کے مقام پر 2 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔ایم ڈی واسا کا کہنا تھا کہ واسا مکمل طور پر تیار اور مستعد ہے اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام تر وسائل اور مشینری فعال کر دی گئی ہے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں واسا ہیلپ لائن سے فوری رابطہ کریں۔