راولپنڈی(کرائم رپورٹر )سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے 12 ربیع الاول جشن عید میلاد النبی ؐ کے حوالے سے ٹریفک پلان جاری کر دیا، عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر ٹریفک پولیس کے455سے زائد اہلکار ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔ڈائیورشن والے مقامات پر ٹریفک کو متبادل راستوں پررواں دواں رکھنے کیلئے اضافی اہلکاربھی تعینات۔تفصیلات کے مطابق سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے 12ربیع الاول جشن عید میلاد النبیﷺ کے حوالے سے ٹریفک پلان جاری کر دیا۔ڈیوٹی آفیسر ٹریفک ہیڈ کواٹر کے مطابق عید میلاد النبیؐ کے موقع پر ٹریفک پولیس کے 455سے زائد افسران و اہلکار ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے.
جس میں 07سرکل انچارجز اور 83سینئر ٹریفک وارڈن بھی شامل ہیں۔عید میلاد النبیؐ کے موقع پرراولپنڈی میں دو مرکزی جلوس نکالے جائیں گے، ایک جلوس جامعہ مسجد حنفیہ جامع مسجد روڈ سے بر آمد ہو گا جو کہ شہر کے مختلف راستوں پل شاہ نذر،بنی چوک، مری روڈ،کمیٹی چوک،لیاقت روڈ،فوارہ چوک،ڈنگی کھوئی سے ہوتا ہوا مرکزی کیمپ جامع مسجد دائرہ کی شکل اختیار کرے گا،اس موقع پر جلوس کے گزرگاہوں والے مقامات سے مرحلہ وار ڈرائیورشن لگا کر ٹریفک کو عارضی طور پر بند کیا جائے گا،جلوس کے اوقات میں راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والی ٹریفک کو جنگ بلڈنگ یو ٹرن سے کچہری چوک کی طرف موڑا جائے گاجبکہ لیاقت باغ سے فوارہ چوک جانے والی ٹریفک کو ڈی اے وی کالج سے گوالمنڈی کی طر ف ڈائیورٹ کیا جائے گا۔دوسرا جلوس 22نمبر چونگی سے نکالا جائے گا جو کہ ٹینچ روڈ ڈھوک سیداں چو ک،کلمہ چوک،22نمبر چوک،آدڑہ روڈ، سٹیٹ لائف بلڈنگ ٹرن، ایم ایچ چوک، محفوظ چوک، مانسہرہ اڈہ،تھانہ کینٹ، نشتر سٹریٹ،آدم جی روڈ، مٹھوخان احاطہ، ریلوے روڈملٹری اکاؤنٹ،کامران مارکیٹ سے جی ٹی ایس چوک (پرانا واران اڈہ) اختتام پذیر ہو گا.
جلوس کے دوران کلمہ چوک سے 22نمبر چوک آنیوالی ٹریفک کو ہارلے سٹریٹ کیطرف بھیجا جائے گا جبکہ خٹک چوک، سی ایم ایچ اور ٹینچ جانے والی ٹریفک کو ہارلے سٹریٹ کی طرف موڑا جائے گا،جلوس مال روڈ پہنچنے پر پشاور روڈ سے آنیوالی ٹریفک کو قاسم مارکیٹ سے شیر خان روڈڈائیورٹ کیا جائے گا، کچہری چوک سے پشاور روڈ جانیوالی ٹریفک کو ٹی ایم چوک سے مری روڈ کی طرف موڑا جائے گا۔ اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم کا کہنا تھا کہ جلوس میں ٹریکٹر ٹرالی، شہزور،ٹرالر اور ٹرک وغیرہ کا داخلہ مکمل طور پر ممنوع ہو گا، ہیوی ٹریفک کے شہر میں داخلے پر مکمل پابندی ہو گی اور 300 گز کے ایریا میں کسی قسم کی پارکنگ کی اجازت نہیں ہو گی۔
انکا مزید کہنا تھا کہ شہر میں جلوس والے مقامات پر ڈائیورشن کی صورت میں ٹریفک کو متبادل راستوں پر رواں دواں رکھنے کیلئے اضافی اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں جبکہ ایمبولینس،فائر بریگیڈ و دیگر ایمرجنسی گاڑیوں کیلئے خصوصی پلان بھی مرتب کیا گیا ہے۔شہریوں سے بھی گزارش ہے کہ عید میلاد النبی ؐکے موقع شہر میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اورکسی پریشانی کیصورت میں ھماری ھیلپ لائن 051.9274843 پر رابطہ کریں.