مری روڈ پر میٹرو ٹریک کے ستونوں کو مزید دلکش بنانے کا کام جاری،

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر )پی ایچ اے راولپنڈی نے ڈی جی پی ایچ اے احمد حسن رانجھا کی خصوصی ہدایات پر مری روڈ پر میٹرو ٹریک کے ستونوں کی خوبصورتی کا کام شروع کر دیا ہے،اس منصوبے کے تحت ستونوں کو خصوصی “کراچی سینڈ” سے پلستر کیا جا رہا ہے اور اسے آرائشی گولوں اور فنکارانہ ڈیزائن کی خصوصیات کے ساتھ مزید خوبصورت بنایا جا رہا ہے،میٹرو ٹریک کی خوبصورتی کو مزید نکھارنے کے لئے ستونوں کو اسپاٹ لائٹس اور پروفائل لائٹس سے روشن کیا جائے گا، جس سے ایک پرکشش اور متحرک سڑک کا منظر پیش ہو گا،اس اقدام کا مقصد شہر کے ماحول کو خوبصورت بنانا اور عوامی جگہوں میں جمالیاتی اقدار شامل کرنا ہے.

پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی راولپنڈی کی جانب سے شہر کو خوبصورت اور دلکش بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں،مریڑ چوک سے فیض آباد تک ان پلرز پر خاص “کراچی سینڈ” سے پینٹنگ کا کام کیا جا رہا ہے،جو ان ستونوں کو مزید خوبصورت بنا دے گا، کلر سکیم سے گزرنے والے راہگیروں کو ایک فرحت کا احساس ہو گا اور مری روڈ کی شان و شوکت میں اضافہ ہو گا،اس کے علاوہ 6th روڈ سے فیض آباد سیکشن میں میٹرو پُل کے ستونوں کو خوبصورت لائٹنگ سے بھی آراستہ کیا گیا ہے جو رات کے اوقات میں خوبصورت مناظر پیش کرتی ہے،میٹرو پُل کے پلرز پر کراچی سینڈ پینٹ کرنے کا کام جلد مکمل کر لیا جائے گا،راولپنڈی شہر کو جاذبِ نظر اور سرسبز بنانے کے لئے پی ایچ اے مستقبل میں بھی شاندار منصوبے لے کر آئے گا، جس سے شہر کی رعنائیوں میں اضافہ ہو گا.