سیلاب میں جہیز بہہ جانے والی 9 لڑکیوں کی شادی کی ذمے داری گورنر پنجاب نے اُٹھا لی

لاہور (سٹاف رپورٹر ) تھیم پارک ہاؤسنگ سوسائٹی مولنوال میں حالیہ سیلابی ریلے سے متاثرہ ایک خاندان کی بیٹیوں کے جہیز بہہ جانے کی خبر جب سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان فوری طور پر متاثرہ فیملی کے گھر پہنچ گئے۔ اس موقع پر انہوں نے نہ صرف متاثرہ خاندان کی دلجوئی کی بلکہ نو بیٹیوں کی شادی کی مکمل ذمہ داری بھی خود اٹھا لی۔

گورنر پنجاب نے متاثرہ فیملی اور اہلِ علاقہ سے ملاقات کی، اور ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے پانی میں ڈوبے گھروں کا خود معائنہ کیا اور کہا کہ شدید بارشوں اور سیلاب نے پنجاب میں تباہی مچا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کے گھر، قیمتی سامان اور خواب سیلابی پانی میں بہہ گئے ہیں۔

گورنر سردار سلیم حیدر نے واضح کیا کہ اس وقت حکومت کی تمام تر توجہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی بحالی پر مرکوز ہے۔متاثرین کو روزانہ کی بنیاد پر تین وقت کا کھانا مہیا کیا جارہا ہے۔گورنر پنجاب نے متاثرین کو یقین دلایا کہ دکھ کی اس گھڑی میں انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت کا ہے اور ہم سب کو سیاست سے بالاتر ہو کر سیلاب زدگان کی مدد کے لیے آگے آنا ہوگا۔