راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)پنجاب حکومت نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ سیکرٹری ہاوسنگ پنجاب نورالامین مینگل کی ہدایات کے تحت واسا راولپنڈی کی طرف سے سیلاب زدہ علاقوں میں پانی کی فراہمی کے لیے واٹر ٹینکرز اور بوتلیں روانہ کی گئی ہیں۔
منیجنگ ڈائریکٹر واسا راولپنڈی محمد سلیم اشرف نے بتایا کہ گجرات کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں تین واٹر ٹینکرز کے ذریعے صاف پانی کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی۔ اس کے علاوہ پانی کی بوتلیں بھی متاثرین تک پہنچائی جا رہی ہیں تاکہ پینے کے پانی کی قلت کو دور کیا جا سکے محمد سلیم اشرف نے کہا کہ واسا راولپنڈی سیلاب زدہ علاقوں کے لوگوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گا اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن اور سیکرٹری ہاوسنگ پنجاب کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے یہ امدادی کارروائیاں جاری رکھے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا عمل صورتحال کے معمول پر آنے تک جاری رہے گا تاکہ متاثرین کو پینے کے پانی کی کوئی کمی محسوس نہ ہو ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کنزی مرتضیٰ اور ایم ڈی واسا محمد سلیم اشرف نے مل کر راولپنڈی سے واٹر ٹینکرز اور بوتلیں سیلاب زدہ علاقوں کی طرف روانہ کیں تاکہ متاثرین کو بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔