وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا چوہنگ فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ، متاثرین سے گھل مل گئیں

لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف چوہنگ فلڈ ریلیف کیمپ پہنچ گئیں، جہاں وہ سیلاب متاثرین میں گھل مل گئیں اور اُن سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا وزیر اعلیٰ نے کیمپ میں قائم عارضی کلاس میں بچوں کے ساتھ وقت گزارا، اُن سے دوستانہ گفتگو کی اور شفقت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر بچوں سے مختلف سوالات کیے گئے۔ ایک کمسن بچی انعمتا نے تحائف ملنے پر اظہار تشکر کے لئےمریم نواز شریف کو گلے لگا لیا۔مریم نواز شریف نے اسے ریڈ فراک کا تحفہ دیا جس پر بچی کی خوشی دیدنی تھی وزیر اعلیٰ نے انعمتا کی کتابوں سے دلچسپی پر خوشی کا اظہار کیا، ایک اور طالب علم نے وزیر اعلیٰ سے پہلی بار روبرو ملاقات پر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کیمپ میں موجود ایک بچے کے آشوب چشم میں مبتلا ہونے پر فوری علاج کی ہدایت کی، جبکہ کیمپ میں موجود تمام بچوں کی ہیلتھ اسکریننگ کے احکامات بھی جاری کیے۔

انہوں نے کیمپ میں موجود خواتین اور بچوں کو تحائف دیے اور یقین دہانی کروائی کہ ان کی مکمل بحالی کے لیے حکومت ہر ممکن اقدام کرے گی۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ پانی کی صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور متاثرین کو گھروں کی تعمیر میں بھی حکومت مدد فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ فکر نہ کریں، حکومت آپ کے ساتھ ہے اور ہمیشہ ساتھ دے گی وزیر اعلیٰ نے فلڈ ریلیف کیمپ میں میڈیسن، ای سی جی، ایکسرے اور دیگر طبی سہولیات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر کمشنر اور ڈپٹی کمشنر لاہور نے وزیر اعلیٰ کو سیلابی صورتحال اور ریلیف سرگرمیوں پر بریفنگ دی بریفنگ کے مطابق، لاہور میں سیلابی ریلے سے 4,891 مواضعات متاثر ہوئے، جبکہ 36,658 افراد کا محفوظ انخلاء کیا گیا۔

13,621 مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ شہر میں 7 فلڈ ریلیف کیمپ، 17 میڈیکل ریلیف کیمپ اور 9 لائیو اسٹاک کیمپ قائم کیے جا چکے ہیں گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول چوہنگ میں 3 ہزار کے قریب متاثرین مقیم ہیں۔ ان میں تھیم پارک، برکت کالونی، منظور پارک اور دیگر علاقوں کے لوگ شامل ہیں۔ ریلیف کیمپ میں کھانے، منرل واٹر، ملک پیک اور بسکٹ کی فراہمی جاری ہے، جب کہ صفائی کے لیے ڈسٹ بن رکھے گئے ہیں اور واسا کا عملہ موجود ہے۔سیلاب زدگان کے علاج اور صحت کے لیے 24 گھنٹے طبی عملہ اور ڈاکٹرز کی موجودگی کو یقینی بنایا گیا ہے۔