لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب بلال یاسین نے گورنمنٹ گرلز ماڈل سکول گہو شالہ میں قائم ریلیف کیمپ کا دورہ کیا اور وہاں سیلاب متاثرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر وزیر ہاؤسنگ نے متاثرہ خاندانوں میں کھانے پینے کی اشیاء، پانی اور بچوں میں سکول یونیفارم بھی تقسیم کیے۔ انہوں نے کیمپ میں موجود والدین سے ان کے درپیش مسائل کے بارے میں استفسار کیا اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
ضلعی انتظامیہ اور سکول کے اساتذہ نے وزیر ہاؤسنگ کو کیمپ میں جاری سہولیات سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔ بلال یاسین نے تمام متاثرین، خاص طور پر بچوں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ سیلاب زدہ بچوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ وہ کسی بھی قسم کے تعلیمی نقصان سے محفوظ رہ سکیں۔
وزیر ہاؤسنگ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر سیلاب متاثرین کے لیے ہر ممکن وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے تاکہ ان کے لیے بنیادی سہولتوں کی فوری اور بہتر فراہمی ممکن ہو سکے۔بلال یاسین نے کہا کہ دریائے راوی نے جو سیلابی منظر دکھائے ہیں، ایسے مناظر ہم نے پہلے کبھی نہیں دیکھے۔ اللہ کا شکر ہے کہ اب پانی کا ریلہ گزر چکا ہے اور جلد حالات نارمل ہو جائیں گے۔