گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر )ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے انسانی سمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ کارروائی انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل گجرات اور گوجرانوالہ کی بڑی کامیاب کوششوں کا نتیجہ ہے گرفتار ملزمان میں محمد قاسم، محمد آزاد، محمد قیصر اور عبدالرحمان شامل ہیں۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر کروڑوں روپے ہتھیائے ملزمان نے مجموعی طور پر 3 کروڑ 36 لاکھ روپے سے زائد رقم شہریوں سے وصول کی۔ ملزم محمد قاسم نے اٹلی بھیجنے کے نام پر ایک شہری سے 85 لاکھ روپے وصول کیے جبکہ ملزم محمد آزاد نے یونان ملازمت کے لیے شہریوں سے 3 کروڑ روپے سے زائد رقم وصول کی۔
اسی طرح، محمد قیصر اور عبدالرحمان نے نیوزی لینڈ میں ملازمت کا جھانسہ دے کر شہریوں سے 51 لاکھ روپے سے زائد رقم وصول کی۔ ایک ملزم نے بوسنیا کا جعلی ویزا بھی فراہم کیا گرفتار شدگان شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے اور بھاری رقوم وصول کرنے کے بعد روپوش ہو گئے تھے۔ ایف آئی اے نے ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے ایف آئی اے حکام نے کہا ہے کہ انسانی سمگلنگ کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور اس غیر قانونی صنعت کو مکمل طور پر ختم کیا جائے گا۔